باپ ہی نکلا بیٹی کا قاتل! دوست کے ساتھ مل کر 13 سالہ بیٹی کو قتل کیا، لاش گنگ نہر میں پھینک دی
ہریدوار، 23 اگست (ہ س)۔ کوتوالی منگلور پولیس نے 13 سالہ لڑکی کے قتل کے معاملے میں اس کے والد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گنگ نہر میں پھینک دی تھی۔ پولیس ٹیم گنگ نہر میں لاش کی تلاش
باپ ہی نکلا بیٹی کا قاتل! دوست کے ساتھ مل کر 13 سالہ بیٹی کو قتل کیا، لاش گنگ نہر میں پھینک دی


ہریدوار، 23 اگست (ہ س)۔

کوتوالی منگلور پولیس نے 13 سالہ لڑکی کے قتل کے معاملے میں اس کے والد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گنگ نہر میں پھینک دی تھی۔ پولیس ٹیم گنگ نہر میں لاش کی تلاش میں مصروف ہے۔ گرفتار ملزم والد کے قبضے سے 315 بور کا دیسی ساختہ پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق منگلور کی رہنے والی ایک خاتون نے 21 اگست کو کوتوالی منگلور میں تحریر دے کر دھنیشور عرف توتا اور آشیِش عرف دھولا کے خلاف اپنی 13 سالہ بیٹی کو گھر سے لے جانے اور واپس نہ لانے کا الزام عائد کیا تھا۔ شکایت میں گالم گلوچ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی بات بھی کہی گئی تھی۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

معاملہ اس وقت پیچیدہ ہو گیا جب لڑکی کی ماں نے اس کے والد ہی پر بیٹی کے قتل کا الزام عائد کیا۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران ملنے والے شواہد کی بنیاد پر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد دھنیشور عرف توتا ولد مانگیرام اور اس کا ساتھی آشیِش عرف دھولا ولد سنیل، ساکن گاو¿ں برہم پور جٹ، کوتوالی منگلور، ہریدوار شامل ہیں۔

شک کی بنیاد پر قتل کا الزام

پولیس کے مطابق پوچھ گچھ میں سامنے آیا کہ دھنیشور کو شک تھا کہ اس کی بیٹی کسی سے بات چیت کرتی ہے۔ الزام ہے کہ سمجھانے کے باوجود جب بیٹی نے اس کی بات نہیں مانی تو 27 جولائی کو دھنیشور عرف توتا ولد مانگیرام اپنی بیٹی کو ساتھی آشیِش کے ساتھ موٹر سائیکل پر بٹھا کر ماتا مندر کے قریب پل پر لے گیا۔ پولیس کے مطابق وہاں قمیض سے گلا گھونٹ کر لڑکی کو قتل کر دیا گیا اور بعد میں لاش گنگ نہر میں پھینک دی گئی۔

پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور ملزم دھنیشور کے قبضے سے 315 بور کا دیسی ساختہ پستول برآمد کیا ہے۔ گنگ نہر میں لڑکی کی لاش کی تلاش کے لیے پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسرے ملزم کا نام آشیِش عرف دھولا ولد سنیل، ساکن گاو¿ں برہم پور جٹ، تھانہ کوتوالی منگلور، ہریدوار بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھنیشور کے خلاف ماضی میں بھی مختلف مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لیے چالان کر دیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande