ہاکی ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کو ارجنٹینا کو بڑے فرق سے ہرانا ضروری
ایمسٹل وین (نیدرلینڈز)، 23 اگست (ہ س):۔ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی مردوں کی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اب پیچیدہ مساوات پر منحصر ہیں۔ دوسرے مرحلے کے میچ میں موجودہ چیمپئن اور میزبان نیدرلینڈز کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کے بعد
ہاکی ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کو ارجنٹینا کو بڑے فرق سے ہرانا ضروری


ایمسٹل وین (نیدرلینڈز)، 23 اگست (ہ س):۔

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی مردوں کی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اب پیچیدہ مساوات پر منحصر ہیں۔ دوسرے مرحلے کے میچ میں موجودہ چیمپئن اور میزبان نیدرلینڈز کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کے بعد بھارت کے کھاتے میں کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔ ایسے میں پیر کو ایمسٹل وین کے ویگنر اسٹیڈیم میں ارجنٹینا کے خلاف ہونے والا مقابلہ بھارتی ٹیم کے لیے ’کرو یا مرو‘ کا میچ بن گیا ہے۔

سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے بھارت کو صرف جیت ہی نہیں بلکہ دوسرے مرحلے کے ایک اور میچ کے نتیجے پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔ پول ای میں نیدرلینڈز چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ارجنٹینا اور انگلینڈ کے کھاتے میں تین، تین پوائنٹس ہیں۔ ارجنٹینا نے اپنے گزشتہ مقابلے میں انگلینڈ کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ بھارت صفر پوائنٹس اور منفی 4 کے گول فرق کے ساتھ سب سے نچلے مقام پر ہے۔ پیر کو انگلینڈ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔ ایسے میں اگر بھارت ارجنٹینا کو شکست دے دیتا ہے تو سیمی فائنل کا ٹکٹ گول فرق کی بنیاد پر طے ہو سکتا ہے۔

ہاکی انڈیا کے مطابق بھارت کو ٹاپ دو میں جگہ بنانے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ارجنٹینا کے خلاف بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اگر بھارت ارجنٹینا کو تین گول کے فرق سے شکست دیتا ہے تو اس کا گول فرق منفی 1 اور ارجنٹینا کا منفی 3 ہو جائے گا۔ ایسی صورت حال میں دونوں ٹیموں کے تین، تین پوائنٹس ہوں گے۔

اس کے ساتھ ہی بھارت کو امید کرنی ہوگی کہ انگلینڈ کو نیدرلینڈز کے خلاف کم از کم دو گول کے فرق سے شکست ہو۔ ایسا ہونے پر انگلینڈ کا گول فرق منفی 2 ہو جائے گا۔ اس صورت حال میں تینوں ٹیموں کے تین، تین پوائنٹس ہوں گے اور بہتر گول فرق کی بنیاد پر بھارت ارجنٹینا اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑ کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔

ہاکی انڈیا کے مطابق اگرچہ بھارت کے لیے حساب کتاب مشکل ہیں، لیکن ٹیم کی فوری توجہ اپنے حملے کو بہتر بنانے پر ہوگی۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ایک بار پھر آگے بڑھ کر ذمہ داری سنبھالی ہے۔ وہ چھ گول کے ساتھ ارجنٹینا کے ٹامس ڈومین کے ہمراہ ٹورنامنٹ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر ہیں۔

تاہم، بھارت کو فیلڈ گول کرنے میں تسلسل کی کمی کا سامنا رہا ہے۔ ایسے میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے میچ سے قبل کہا کہ سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے ہمارے پاس ایک موقع ہے۔ یہ بالکل واضح ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ ہمیں گول درکار ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے کھیل کو کنٹرول کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی پر بھی قائم رہنا ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande