
اسلام آباد، 20 اگست (ہ س)۔ پاکستان حکومت معزول وزیر اعظم عمران خان کو دارالحکومت اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے بوکھلا گئی ہے۔ اس نے فیصلے پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کر کے حکم واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس درخواست پر عدالت عظمیٰ کا کیا موقف ہوتا ہے۔
’دی نیوز‘ اخبار کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی حکومت کے چیف کمشنر کی جانب سے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید حیات ملک نے حکومت کی جو نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے، اس میں عبوری حکم کو امتیازی قرار دیا گیا ہے۔ نظرثانی کی درخواست میں وفاقی حکومت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا عبوری حکم اس کے دائرہ اختیار سے باہر تھا اور اس پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے، ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ معزز عدالت کی توجہ اوپر بیان کردہ قانونی شق پر نہیں گئی، جس سے ایک ایسی غلطی ہوئی جو ریکارڈ پر صاف نظر آ رہی ہے۔ اگر عدالت نے قانون کی مذکورہ شق پر غور کیا ہوتا، تو زیر جائزہ حکم جاری نہیں کیا جا سکتا تھا۔ اس لیے اس پر نظرثانی ہونی چاہیے۔‘‘
وفاقی حکومت کی نظرثانی کی درخواست کے مطابق، 5 اگست 2023 کو ایک ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد میں انہوں نے سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کی استدعا کی تھی، لیکن ہائی کورٹ نے 12 مارچ کو یہ استدعا مسترد کر دی تھی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
نظرثانی کی درخواست میں وفاقی حکومت نے دلیل دی کہ بعض معاملات میں قیدی کو اسپتال بھیجنے کے لیے حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسپتال منتقل کیے گئے قیدیوں کو پولیس کی نگرانی میں رہنا چاہیے۔ درخواست میں پاکستان جیل رولز، 1978 (197) کا حوالہ دیا گیا ہے، جو قیدی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار طے کرتا ہے۔ حکومت نے موقف اپنایا کہ آئین کی دفعہ 10 اے منصفانہ سماعت اور قانون کے مطابق عمل کا حق دیتی ہے۔ درخواست کے مطابق، یہ معاملہ پہلی بار سپریم کورٹ کے سامنے آیا اور متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔
سپریم کورٹ نے منگل (18 اگست) کو پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو 2 دن میں شفا اسپتال میں داخل کرانے اور 16 ستمبر تک علاج کرانے کی ہدایت دی تھی۔ ساتھ ہی خان کے معائنے اور علاج کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے عمران کے ذاتی معالج اور بہن کو ان کی طبی دیکھ بھال سے وابستہ رہنے کی اجازت بھی دی ہے۔ یہ حکم عمران خان (73) کی صحت کے حوالے سے ان کے اہل خانہ اور حامیوں کی کئی ماہ سے جاری تشویش اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے الزامات کے درمیان سامنے آیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ہدایت دی کہ خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں 16 ستمبر کو ہونے والی اگلی سماعت تک وہیں رکھا جائے۔ پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے حکم پر حرف بہ حرف عمل کرے گی۔
سپریم کورٹ نے اسپتال میں قیام کے دوران خان کو ہفتے میں ایک بار اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی بھی اجازت دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اگست 2023 سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ حامی ان کی گرفتاری کے خلاف مسلسل مظاہرے کر رہے ہیں۔ اہل خانہ اور پارٹی کے رفقاء نے بارہا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے حکام پر خان کو مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ سے ملاقات اور قانونی مشیروں تک رسائی سے محروم رکھنے کا بھی الزام لگایا ہے۔ منگل کو جاری حکم میں کہا گیا کہ شفا میں جانچ اور علاج کے دوران ڈاکٹر عظمیٰ اور سابق وزیر اعظم کے ذاتی ڈاکٹر موجود رہیں اور اس کا خرچ ان کے اہل خانہ برداشت کریں۔
حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ سابق وزیر اعظم کو سخت سیکورٹی کے درمیان شفا اسپتال لے جائیں اور چند دنوں کے اندر ضروری انتظامات مکمل کریں۔ تاہم سپریم کورٹ نے خبردار کیا کہ اس کی ہدایات کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پی ٹی آئی کے بانی کو دی جانے والی سہولیات واپس لینے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس فیصلے کا پی ٹی آئی نے خیر مقدم کیا اور پارٹی کارکنوں سے شفا اسپتال کے باہر جمع نہ ہونے کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن