
غزہ،19اگست(ہ س)۔ غزہ شہر کی بندرگاہ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حماس کے متعدد اہم ارکان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ شمالی غزہ کے علاقے الشاطئ میں ایک اجلاس میں شریک تھے۔العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم اسرائیلی فوج نے نشانہ بنائے گئے افراد کے نام یا ان کی ہلاکتوں کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ جن افراد کو نشانہ بنایا گیا وہ غزہ میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فوج کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی فورسز کو لاحق فوری خطرے کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ جنوبی کمانڈ سے وابستہ اس کی فورسز جنگ بندی یا طے شدہ انتظامات کے مطابق علاقے میں تعینات ہیں، تاہم اسرائیلی فوجیوں کے لیے کسی بھی فوری خطرے کی صورت میں کارروائی جاری رکھی جائے گی۔حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے بھی کہا کہ اسرائیل غزہ میں ان تمام سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا جنہیں وہ اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔کاٹز کے مطابق اسرائیلی حکومت کی پالیسی میں حماس کے ارکان کو نشانہ بنانا، اسرائیلی فوجیوں کو لاحق خطرات کا خاتمہ اور 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث افراد کا تعاقب شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج اپنے اہلکاروں کے تحفظ اور جنوبی اسرائیل کی آبادی کے لیے سلامتی یقینی بنانے کے لیے غزہ میں کارروائیاں جاری رکھے گی۔غزہ میں یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب علاقے میں جنگ بندی اور امن منصوبے پر عمل درآمد کو لے کر صورتحال انتہائی نازک ہے۔ امن منصوبے کے اگلے مرحلے، سکیورٹی انتظامات اور حماس کے ہتھیاروں کے مستقبل سمیت کئی اہم معاملات پر فریقین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔حالیہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ زمینی سطح پر کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، جبکہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک دوسرے پر حملوں اور خلاف ورزیوں کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فوج اور شہریوں کو لاحق خطرات کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، جبکہ غزہ میں کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے امن عمل کے مستقبل اور جنگ بندی کے استحکام پر خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan