
ممبئی ، 20 اگست (ہ س)۔ ممبئی میں جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ کے قریب سمندر میں مچھلی پکڑنے والی کشتی ونایک میں اچانک بڑی مقدار میں پانی بھرنے اور اس کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہونے کے بعد کشتی میں سوار تمام 9 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ یلو گیٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم کشتی میں پانی بھرنے کی وجوہات کی جانچ کررہی ہے۔پولیس کے مطابق ونایک نامی مچھلی پکڑنے والی کشتی گزشتہ روز جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ کے قریب سمندر میں مچھلی پکڑنے گئی تھی۔ اسی دوران اچانک کشتی میں بڑی مقدار میں پانی داخل ہونے لگا۔ پانی بھرنے سے کشتی کا انجن روم زیر آب آگیا اور انجن بند ہوگیا۔ انجن بند ہونے کے بعد کشتی اپنا توازن اور کنٹرول کھونے لگی اور سمندر میں بہنے لگی۔ اس کے نتیجے میں کشتی کے الٹنے اور ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی یلو گیٹ پولیس کے اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی۔امدادی کارروائی کے دوران مچھلی پکڑنے والی نجی کشتی مہاشانتی دیپ بھی بچاؤ مہم میں شامل ہوگئی۔ اس کشتی کی مدد سے ونایک کو کھینچ کر محفوظ مقام تک لایا گیا۔ مشترکہ کوششوں کے بعد ونایک کو بحفاظت بھاؤچا ڈھکا پہنچایا گیا اور اسے یلو گیٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم کے حوالے کردیا گیا۔ کشتی پر سوار تمام 9 ماہی گیر محفوظ ہیں۔ واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام اب کشتی میں اچانک پانی بھرنے کی اصل وجوہات کی جانچ کررہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے