
ناگپور، 20 اگست (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ ناگپور کی شناخت سمجھی جانے والی تاریخی امبازیری جھیل کو ایک بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لیے ریاستی حکومت ناگپور میونسپل کارپوریشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امبازیری جھیل ناگپور کے لیے تاریخی اور ماحولیاتی اہمیت رکھتی ہے اور اس کے حسن اور ماحولیات کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے ناگپور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے امبازیری جھیل کو آبی پودے جلپَرنی سے پاک کرنے کے لیے چلائی گئی خصوصی مہم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کشتی کے ذریعے جھیل کا دورہ کیا اور جلپَرنی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کی معلومات حاصل کیں۔ امبازیری جھیل کو ناگپور کا ایک اہم ورثہ سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں جب پانی کی فراہمی کے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے، اس وقت اسے ناگ ندی پر بنے ڈیم یا ذخیرہ آب کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ کئی برسوں تک اس جھیل سے ناگپور شہر کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل جلپَرنی نے جھیل کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس سے جھیل کا قدرتی حسن متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ تیراکوں اور کشتی رانی کی مشق کرنے والے طلبہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ میونسپل کارپوریشن کی خصوصی مہم : گزشتہ چند ماہ سے امبازیری جھیل میں بڑے پیمانے پر پھیلی جلپَرنی کو ختم کرنے کے لیے ناگپور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کے دوران جلپَرنی نکالنے کے لیے جے سی بی اور ویڈ ہارویسٹر مشینوں کا استعمال کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کی کوششوں کے نتیجے میں جھیل سے بڑی مقدار میں جلپَرنی ہٹائی گئی ہے اور امبازیری جھیل کا علاقہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ صاف اور کھلا ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جھیل کے تحفظ کے لیے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات حاصل کیں اور اس مہم کو سراہا۔ اس موقع پر میئر نیتا ٹھاکرے، ڈپٹی میئر لیلا ہاتھی بیڈ، اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن شیوانی دانی وکھرے، حکمراں جماعت کے لیڈر نریندر بالیا بورکر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن اٹنکر، سابق میئر دیان شنکر تیواری، مختلف کمیٹیوں کے چیئرپرسن، کارپوریٹرز اور میونسپل کارپوریشن کے سینئر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے