
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔
مہاراشٹر کے نوی ممبئی میں واقع جواہر لال نہرو بندرگاہ (نہوا شیوا بندرگاہ) پر ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے سعودی عرب بھیجی جانے والی تقریباً 56 کلو میتھامفیٹامین کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اسمگلروں نے منشیات کو مکئی میں ملا کر 351 بوریوں پر مشتمل زرعی مصنوعات کی کھیپ میں چھپایا تھا۔ ڈی آر آئی نے منشیات ضبط کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آر آئی کے مطابق منشیات کو مکئی میں اس طرح ملایا گیا تھا کہ وہ عام زرعی مصنوعات کی کھیپ کا حصہ نظر آئے۔ یہ طریقہ معمول کی جانچ سے بچنے کے لیے اپنایا گیا تھا۔ میتھامفیٹامین انتہائی طاقتور مصنوعی محرک نشہ آور مادہ ہے۔ اس کے استعمال سے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بڑھنے، بے چینی، الجھن اور ذہنی انتشار جیسی سنگین مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
ڈی آر آئی کے مطابق 16 اور 17 اگست کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ تلاشی کے دوران کھیپ کی ایک بوری میں مکئی کے ساتھ باریک طریقے سے ملایا گیا پاو¿ڈر برآمد ہوا۔ جانچ میں اس کی شناخت میتھامفیٹامین کے طور پر ہوئی۔
تحقیقات کے دوران برآمد شدہ کھیپ کے برآمد کنندہ اور ٹرانسپورٹر-کم-فریٹ فارورڈر کی شناخت کی گئی۔ معلوم ہوا کہ فریٹ فارورڈر غیر ملکی خریدار کے ساتھ کھیپ کی نقل و حمل اور کسٹمز کلیئرنس کے انتظامات میں رابطہ کاری کر رہا تھا۔ دونوں کے مبینہ کردار کی بنیاد پر انہیں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ