نندو-بمبیہا گینگ کے دو شوٹر گرفتار، کناڈا میں مقیم گینگسٹر کے اشارے پر واردات کی تیاری تھی
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے بدنام زمانہ کپل سانگوان عرف نندو اور بمبیہا گینگ سے وابستہ دو شوٹروں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت پنجاب کے امرتسر کے ساکن ہرمن جیت سنگھ اور لدھیانہ کے ساکن ہرش دیپ سنگھ عرف بلا کے طور پر ہو
دہلی پولیس لوگو


نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے بدنام زمانہ کپل سانگوان عرف نندو اور بمبیہا گینگ سے وابستہ دو شوٹروں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت پنجاب کے امرتسر کے ساکن ہرمن جیت سنگھ اور لدھیانہ کے ساکن ہرش دیپ سنگھ عرف بلا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں دہلی کے چھاولہ اور پنجاب کے لدھیانہ میں ہوئی فائرنگ کی دو وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کناڈا میں مقیم گینگسٹر دیویندر سنگھ عرف گوپی لاہوریہ کی ہدایت پر کام کر رہے تھے۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ کرائم برانچ کی اے آر ایس سی ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دونوں کو بوانا-کنجھاولا روڈ پر واقع بجیت پور کراسنگ بس اسٹاپ کے قریب سے پکڑ لیا۔ ان کے قبضے سے دو سیمی آٹومیٹک پستول اور سات زندہ کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق، پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ 14 اگست کو بس کے ذریعے دہلی آئے اور دوارکا موڑ کے قریب ایک ہوٹل میں قیام کیا۔ مبینہ طور پر انہیں ایک شخص کی تصویر موبائل پر بھیجی گئی تھی اور اسے ختم کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ 15 اگست کو انہوں نے مشرقی دہلی میں ایک مقام سے دو ہتھیار اور 19 کارتوس حاصل کیے۔ اس کے عوض انہیں خطیر رقم دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ 16 اگست کو دونوں ٹارگٹ کے علاقے میں پہنچے۔ پولیس کے مطابق، انہوں نے متعلقہ شخص کو انڈے کی دکان پر دیکھا۔ وہ دکان سے نکل کر گھر کی طرف بھاگا تو دونوں اس کے پیچھے گھر میں گھس گئے۔ اندر خواتین اور بچے نظر آنے پر انہوں نے گولی نہیں چلائی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ اس دوران گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس معاملے میں چھاولہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

پولیس کے مطابق، چھاولہ کے واقعے کے بعد دونوں 17 اگست کو لدھیانہ کے ’پیزا فرام میکسیکو‘ کے علاقے میں پہنچے۔ وہاں ہرش دیپ نے مبینہ طور پر ہوا میں دو گولیاں چلائیں۔ اس کے بعد دونوں فرار ہو گئے۔ اس معاملے میں لدھیانہ کے سرابھا نگر تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں 19-18 اگست کو گوپی لاہوریہ کی ہدایت پر دوبارہ دہلی لوٹے تھے اور نامکمل ٹارگٹ کو پورا کرنے کی تیاری میں تھے۔ 19 اگست کو نجف گڑھ کی طرف جاتے ہوئے کرائم برانچ نے انہیں دبوچ لیا۔ ملزمان کو ابتدا میں تقریباً 30 ہزار روپے دیے گئے تھے، جبکہ واردات کے بعد بڑی رقم دینے کا مبینہ وعدہ کیا گیا تھا۔

تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ فائرنگ کا ٹارگٹ امید سنگھ، 2024 میں مارے گئے بلو پہلوان کا بھائی ہے۔ پولیس کے مطابق، بلو پہلوان کے قتل کے پیچھے کپل سانگوان عرف نندو کا ہاتھ ہونے کا الزام ہے۔ ابتدائی جانچ میں حالیہ فائرنگ کو نندو اور بلو پہلوان کے خاندان کے درمیان چلی آ رہی پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ہرش دیپ سنگھ کے خلاف پنجاب میں قتل، جیل میں موبائل فون رکھنے، این ڈی پی ایس اور آرمز ایکٹ کے مقدمات درج ہیں۔ وہ جون 2026 میں لدھیانہ جیل سے باہر آیا تھا۔ وہیں ہرمن جیت سنگھ کے خلاف چوری اور لوٹ کے مقدمات درج ہیں اور وہ جولائی 2026 میں جیل سے رہا ہوا تھا۔ پولیس دونوں سے پوچھ گچھ کر کے گینگ کے دیگر ارکان اور ہتھیاروں کی سپلائی سے وابستہ نیٹ ورک کا پتہ لگا رہی ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande