
ایمسٹلوین، 16 اگست (ہ س)۔
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 2024 اولمپکس کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم چین کو سخت ٹکر دی اور پول ڈی کے میچ میں 2-2 سے مقابلہ ڈرا رکھا۔
ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے پہلے ہاف میں سبقت حاصل کی، لیکن چین نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کرتے ہوئے برابری حاصل کر لی۔ ہندوستان کی جانب سے نونیت کور اور دیپیکا نے گول کیے، جبکہ چین کے لیے ینگ ژانگ اور ما ننگ نے گول داغے۔
ہندوستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ لال ریمسیامی نے ابتدائی منٹوں میں ہی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہندوستان کو پہلا پنالٹی کارنر دلایا، اگرچہ نونیت کے شاٹ کو چین کے دفاعی دستے (ڈیفنس) نے روک دیا۔ ہندوستان کا دباو مسلسل برقرار رہا اور آٹھویں منٹ میں نونیت کور نے گول داغ کر ٹیم کو 0-1 کی سبقت دلا دی۔ نیہا نے ’ڈی‘ کے باہر سے گیند سرکل میں بھیجی، جس پر نونیت نے آخری ٹچ دیتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ کے اندر پہنچا دیا۔
چین نے اس کے بعد مقابلے میں واپسی کی کوششیں تیز کر دیں۔ 14ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملنے پر ینگ ژانگ نے کوئی غلطی نہیں کی اور ہندوستانی گول کیپر سویتا کو چکمہ دیتے ہوئے اسکور 1-1 کر دیا۔ ہندوستان نے اس فیصلے کے خلاف ریفرل بھی لیا، لیکن آن فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رہا۔
دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے پھر سے دباو بنانا شروع کیا۔ شلپی نے شاندار دفاعی مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی ایک خطرناک کوشش کو ناکام بنا دیا۔ دوسری جانب ہندوستان مسلسل چین کے سرکل میں داخل ہونے میں کامیاب رہا۔
24ویں منٹ میں دیپیکا نے بہترین انفرادی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے سرکل میں پیش قدمی کی اور پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ اس کے بعد دیپیکا نے خود ذمہ داری سنبھالی اور 25ویں منٹ میں زبردست ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے ہندوستان کو 1-2 سے آگے کر دیا۔
ہندوستان نے چست و مستعد کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام تک اپنی سبقت برقرار رکھی۔
تیسرے کوارٹر میں چین نے جارحیت بڑھا دی اور ہندوستانی سرکل پر مسلسل دباو بنائے رکھا۔ سویتا کو ابتدائی منٹوں میں ہی اہم بچاو کرنا پڑا۔ چین کے مسلسل دباو کا فائدہ اسے 39ویں منٹ میں ملا، جب پنالٹی کارنر پر ما ننگ نے شاندار ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد چین نے گیند پر قبضہ جمائے رکھتے ہوئے ہندوستان پر دباو میں اضافہ کیا۔ تاہم سویتا نے ایک اور شاندار لو سیو کر کے چین کو سبقت لینے سے روک دیا۔ ہندوستانی دفاعی صف نے بھی مضبوطی کا ثبوت دیتے ہوئے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک اسکور برابر رکھا۔
چوتھے کوارٹر میں چین مسلسل فاتحانہ گول کی تلاش میں رہا، جبکہ ہندوستان نے بھی جوابی حملوں کے ذریعے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی۔ 52ویں منٹ میں نونیت کے کٹ بیک پر لال ریمسیامی کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا، لیکن چین کے دفاع نے اسے ناکام بنا دیا۔
چین کو 57ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا، لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں نے عمدہ بچاو کرتے ہوئے خطرہ ٹال دیا۔ آخری منٹوں میں دونوں ٹیمیں کوئی فیصلہ کن گول نہ کر سکیں اور مقابلہ 2-2 کی برابری پر ختم ہوا۔
پہلے راونڈ کے مقابلوں کے بعد انگلینڈ چار گول کی جیت کے ساتھ پول ڈی میں سرفہرست ہے۔ ہندوستان اور چین کے ایک ایک پوائنٹ ہیں اور دونوں مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر ہے۔
ہندوستان اب 18 اگست کو جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا اگلا پول ڈی میچ کھیلے گا اور ٹورنامنٹ کی پہلی جیت درج کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی مردوں کی ٹیم 17 اگست کو انگلینڈ کے خلاف اپنا دوسرا ورلڈ کپ مقابلہ کھیلے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن