
نئی دہلی، 16 اگست (ہ س)۔
جاپان اوپن کا خطاب جیتنے کے بعد پراعتماد اور گھریلو شائقین کی حمایت کے ساتھ سابق عالمی چیمپئن پی وی سندھو پیر سے نئی دہلی میں شروع ہونے والی بی ایف ڈبلیو عالمی چیمپئن شپ-2026 میں حصہ لیں گی۔
پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن شپ کا تمغہ جیت چکی سندھو کی نظریں اب سات سال کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے ایک اور تمغہ اپنے نام کرنے پر ہیں۔
2019 میں عالمی چیمپئن بننے والی سندھو نے کہا کہ حال ہی میں جاپان اوپن میں حاصل ہونے والی کامیابی نے انہیں عالمی چیمپئن شپ سے قبل اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے اتوار کو اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا، ”اس کامیابی سے یقینی طور پر میرے اعتماد میں کافی اضافہ ہوا ہے اور میں عالمی چیمپئن شپ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہوں۔ چونکہ اس کا انعقاد بھارت میں ہو رہا ہے، اس لیے میں اسے لے کر بہت پرجوش ہوں۔ جاپان اوپن جیتنے سے میرے اعتماد میں بہت بڑا اضافہ ہوا ہے۔“
سندھو نے 2019 میں عالمی چیمپئن شپ کا طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2013 اور 2014 میں کانسی جبکہ 2017 اور 2018 میں چاندی کے تمغے حاصل کیے تھے۔ وہ عالمی چیمپئن شپ میں پانچ تمغے جیتنے کے معاملے میں ریکارڈ کی برابری کر چکی ہیں۔ ایسے میں بھارت میں ایک اور تمغہ جیتنا ان کے لیے خاص کامیابی ہوگی۔
تاہم سندھو کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل کے بارے میں زیادہ سوچنے کے بجائے مقابلہ بہ مقابلہ آگے بڑھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ”میں نے 2019 میں عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اس کے بعد تقریباً سات سال ہو چکے ہیں۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ جاپان اوپن سے حاصل ہونے والے اعتماد کو میں یہاں بھی برقرار رکھوں گی۔ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہوں اور اسے لے کر پرجوش ہوں، کیونکہ فی الحال سب کچھ اچھا چل رہا ہے۔ میرے لیے ہمیشہ ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ مرکوز کرنا اہم رہا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا، ”بھارتی شائقین کی جانب سے ہمیں کافی حمایت ملنے والی ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ عالمی چیمپئن شپ بھارت میں ہو رہی ہے اور مجھے اپنے گھریلو میدان پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ یقیناً یہاں کافی حمایت ملے گی اور مجھے امید ہے کہ میں یہاں بھی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہوں گی۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ