
گالے، 16 اگست (ہ س)۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان گالے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن اتوار کو بارش نے کھیل میں زبردست خلل ڈالا۔
تقریباً 55 اوورز کا کھیل بارش کی نذر ہونے کے باوجود بھارت نے دن کا کھیل ختم ہونے تک 172 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 460 رنز بنا لیے۔ دیو دت پڈیکل نے اپنی شاندار اننگز کو 167 رنز تک پہنچایا، جبکہ دھرو جوریل نے نصف سنچری بنائی۔ تاہم ڈیبیو کرنے والے کیشارا نو نتھا کے تین اور پرباتھ جے سوریہ کے چار وکٹوں نے سری لنکا کو مقابلے میں واپسی کا موقع فراہم کیا۔
بارش اور آو¿ٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے دن کا کھیل مقررہ وقت سے تقریباً پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ بھارت نے 288 رنز پر 2 وکٹوں سے اپنی اننگز آگے بڑھائی۔ رشبھ پنت نے آتے ہی مڈ وکٹ کے علاقے میں چوکا لگایا اور بھارت نے ابتدائی نصف گھنٹے میں بغیر کسی نقصان کے کھیل جاری رکھا۔ تاہم دوسری نئی گیند لیے جانے کے بعد پنت زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکے۔
نو نتھا کے خلاف بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں پنت کریز سے باہر نکلے، لیکن گیند کو صحیح طریقے سے ٹائم نہ کر سکے اور مڈ آف پر کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد سری لنکا نے مسلسل وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بلے بازی پر دباو¿ بڑھا دیا۔
ہفتہ کو پٹھوں میں کھنچاو¿ کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے کے ایل راہل بھی دوبارہ بلے بازی کے لیے آئے، لیکن اپنے اسکور میں صرف پانچ رنز کا اضافہ کر سکے۔ نو نتھا کی گھومتی ہوئی گیند کو فلک کرنے کی کوشش میں راہل شارٹ لیگ پر کیچ دے بیٹھے اور 82 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
167 رنز پر پڈیکل کی شاندار اننگز کا اختتام
بھارت کو دیو دت پڈیکل سے بڑی اننگز کی امید تھی اور انہوں نے اس امید کو پوری طرح درست ثابت کیا۔ تاہم جب وہ 167 رنز تک پہنچ چکے تھے تو پرباتھ جے سوریا کی گیند پر آگے بڑھ کر کھیلنے کی کوشش میں چوک گئے اور وکٹ کیپر نے انہیں اسٹمپ آوٹ کر دیا۔
اس کے بعد نو نتھا نے رویندر جڈیجہ کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کرکے بھارت کو 377 رنز پر 6 وکٹوں کی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اس دوران دھرو جوریل کو 29 رنز کے اسکور پر سلپ میں ایک موقع بھی ملا۔
جوریل اور ستھار نے اننگز سنبھالی
موقع ملنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جوریل نے شاندار بلے بازی جاری رکھی۔ انہوں نے مانَو ستھار کے ساتھ مل کر 55 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ دونوں نے لہرو کمارا کی خراب گیندوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اوور میں تین چوکے لگائے اور بھارت کو 400 رنز کے پار پہنچا دیا۔
جوریل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن اس کے فوراً بعد دھننجیے ڈی سلوا نے سلپ میں شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ جوریل نے 51 رنز بنائے۔
نچلے نمبروں پر محمد سراج اور کلدیپ یادو نے کچھ مفید رنز کا اضافہ کیا اور بھارت کو 460 رنز پر 9 وکٹوں تک پہنچا دیا۔ بھارت کے پاس اب صرف ایک وکٹ باقی ہے۔ سری لنکا کی جانب سے پرباتھ جے سوریا نے چار اور کیشارا نو نتھا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
تین دن کا کھیل ابھی باقی ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایسے میں اگر بھارت اس ٹیسٹ میں جیت کے لیے دباو¿ بنانا چاہتا ہے تو اسے باقی ایک وکٹ جلد حاصل کرنے کے بعد مقابلے کو تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ