
نئی دہلی، 16 اگست (ہ س)۔ دہلی کے وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے اتوار کو وکاس پوری اسمبلی حلقے میں دو ’اٹل کینٹین‘ کا افتتاح کیا۔ ان میں ایک وکاس پوری کے اندرا کیمپ-5 اور دوسری ٹی کیمپ کالی بستی میں قائم کی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ ’اٹل کینٹین‘ حکومت کی جانب سے عوام تک بنیادی سہولیات براہِ راست پہنچانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور اٹل کینٹین اسی عزم کی عملی مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو اٹل کینٹین کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ دہلی کے عوام سے کیا گیا وعدہ زمینی سطح پر پورا کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی فائدے سے متعلق ہر سہولت جلد از جلد لوگوں تک پہنچے۔وزیر صحت نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو سستا کھانا فراہم کرنا محض ایک فلاحی اقدام نہیں بلکہ معاشرے کے کمزور طبقات کے وقار اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب بھی اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف 5 روپے میں غذائیت سے بھرپور کھانا ملنے سے مزدوروں، ضرورت مند خاندانوں اور خاص طور پر روزانہ کی آمدنی پر انحصار کرنے والے افراد کو بڑی مدد ملے گی۔
ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ اٹل کینٹین کی یہ پہل عوام پر مرکوز حکمرانی کے تئیں دہلی حکومت کے وسیع تر وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ حکومت کا مقصد اپنی فلاحی اسکیموں اور سہولیات کا فائدہ معاشرے کے آخری فرد تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹل کینٹین کے علاوہ دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے بھی دہلی حکومت شہریوں کی خدمت کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan