ایل جی منوج سنہا نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی
ایل جی منوج سنہا نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی جموں، 24 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کی دیر شام نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کی داخلی سلامتی، ترقیاتی سرگرمیوں، انتظ
Lg


ایل جی منوج سنہا نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی

جموں، 24 اگست (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کی دیر شام نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کی داخلی سلامتی، ترقیاتی سرگرمیوں، انتظامی امور اور منشیات کے خلاف جاری مہم سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامیہ کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جا رہے اقدامات پر بھی وزیر داخلہ کو تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے خطے میں سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی حال ہی میں جموں و کشمیر میں جاری منشیات مخالف مہم کی تعریف کر چکے ہیں۔دریں اثنا، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے بھی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور لداخ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور سے انہیں آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ستمبر میں لداخ کے مختلف تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ وزارت داخلہ کی ایک اہم میٹنگ بھی متوقع ہے۔ اس سے قبل لداخ کے عوام کے ایک اہم مطالبے کو پورا کرتے ہوئے انتظامیہ نے 24 ستمبر کو ہونے والے پرتشدد احتجاج کے سلسلے میں 25 افراد کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔لداخ میں مقدمات واپس لیے جانے کے معاملے اور آئندہ ہونے والی تنظیموں کے ساتھ بات چیت سے متعلق پیش رفت سے بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande