کولکاتا کے براٹی میں کار سروس سینٹر میں زبردست آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچیں
کولکاتا، 24 اگست (ہ س)۔ شمالی 24 پرگنہ کے براٹی علاقے میں پیر کی علی الصبح یشور روڈ کے کنارے واقع ایک کار سروس سینٹر میں اچانک زبردست آگ لگنے سے افرا تفری مچ گئی۔ اطلاعات کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے چار بجے سروس سینٹر سے اچانک آگ کے شعلے اٹھتے دکھ
کولکاتا کے براٹی میں کار سروس سینٹر میں زبردست آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچیں


کولکاتا، 24 اگست (ہ س)۔

شمالی 24 پرگنہ کے براٹی علاقے میں پیر کی علی الصبح یشور روڈ کے کنارے واقع ایک کار سروس سینٹر میں اچانک زبردست آگ لگنے سے افرا تفری مچ گئی۔ اطلاعات کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے چار بجے سروس سینٹر سے اچانک آگ کے شعلے اٹھتے دکھائی دیے۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے سروس سینٹر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کردی۔ سروس سینٹر میں بڑی تعداد میں گاڑیاں اور آتش گیر مواد موجود ہونے کے باعث آگ کے تیزی سے پھیلنے کا خدشہ تھا، تاہم فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

فی الحال آگ لگنے کی وجہ کا باضابطہ طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ سمیت دیگر ممکنہ وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آگ سے کتنا مالی نقصان ہوا اور سروس سینٹر میں موجود کتنی گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔

براٹی میں آگ لگنے کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مغربی بنگال میں حالیہ دنوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات نے فائر سیفٹی کے انتظامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کیے ہیں۔گزشتہ ہفتے کولکاتا کی مرزا غالب اسٹریٹ میں واقع ایک ہوٹل میں زبردست آگ لگنے سے 9 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ پانچ منزلہ عمارت میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد فائر سیفٹی انتظامات اور ہنگامی راستوں سے متعلق کئی سوالات اٹھے تھے۔اس سے قبل بیربھوم کے تاراپیٹھ میں بھی ایک ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے میں کئی افراد کی جان چلی گئی تھی۔ چند ہی دنوں کے وقفے میں پیش آنے والے ان حادثات کے بعد ریاستی انتظامیہ نے ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور دیگر تجارتی اداروں میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کا عمل تیز کردیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande