
نئی بیٹری، جدید ٹیکنالوجی اور 683 کلومیٹر تک کی رینج، ڈلیوری 26 اگست سےممبئی ، 16 اگست (ہ س)۔ مہندرا اینڈ مہندرا نے ہندوستانی بازار میں اپنی پریمیم الیکٹرک ایس یو وی بی ای 6 اسپورٹیک کا نیا ماڈل لانچ کردیا ہے۔ نئے ماڈل میں اپ ڈیٹڈ بیرونی ڈیزائن، بڑی بیٹری کے مختلف آپشنز، نیا ڈیش بورڈ اور جدید کنیکٹڈ فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی نے بیٹری از اے سروس یعنی بی اے اے ایس اسکیم کے تحت گاڑی کی ابتدائی قیمت 11.45 لاکھ روپے مقرر کی ہے، جبکہ ایکس شوروم قیمت 19.45 لاکھ روپے سے شروع ہوکر 26.95 لاکھ روپے تک ہے۔ گاڑی کی ڈلیوری 26 اگست سے شروع ہوگی۔بی اے اے ایس اسکیم کے تحت 59 کلو واٹ آور بیٹری والا بنیادی ماڈل 11.45 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگا، جس کے لیے صارف کو فی کلومیٹر 3.75 روپے بیٹری سبسکرپشن فیس ادا کرنا ہوگی۔ گاڑی کے بیرونی ڈیزائن میں اسپورٹی انداز برقرار رکھا گیا ہے۔ اس میں 19 انچ کے الائے وہیل، فلش فٹنگ ڈور ہینڈلز اور آل ایل ای ڈی لائٹنگ دی گئی ہے۔ لانچ ایڈیشن میں گریفائٹ اسٹورم رنگ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔ پچھلے حصے میں کسٹمائز کیے جانے والے ایل ای ڈی ٹیل لیمپس دیے گئے ہیں، جن پر ذاتی پیغام بھی ظاہر کیا جاسکتا ہے۔اندرونی حصے میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹاپ ویرینٹ میں 12.3 انچ کی 3 اسکرینوں پر مشتمل ٹرپل اسکرین سیٹ اپ دیا گیا ہے۔ نئے ڈیش بورڈ کی وجہ سے وائرلیس چارجنگ اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کا استعمال زیادہ آسان بنایا گیا ہے۔ لانچ ایڈیشن میں مکمل ریسنگ ٹین انٹیریئر، پریمیم لیدر اپ ہولسٹری اور فکسڈ پینورامک گلاس روف فراہم کیا گیا ہے۔مہندرا نے بی ای 6 اسپورٹیک میں 6 نئی ٹیکنالوجی سہولیات بھی شامل کی ہیں۔ ان میں ڈرائیور کی شناخت کرکے اس کی پروفائل خودکار طور پر سیٹ کرنے والا ٹیک می اور گوگل جیمینی اے آئی کی مدد سے کام کرنے والا ٹیک ٹاک وائس اسسٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہارمن کارڈن کا ڈولبی ایٹموس ساؤنڈ سسٹم، وینٹی لیٹڈ فرنٹ سیٹس، وائرلیس ایپل کار پلے، اینڈرائیڈ آٹو، ہیڈ اپ ڈسپلے اور این ایف سی ڈیجیٹل کی جیسی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔کارکردگی کے لحاظ سے بی ای 6 اسپورٹیک میں 59، 70 اور 79 کلو واٹ آور کی گنجائش والی 3 بیٹریوں کے آپشنز دیے گئے ہیں۔ بیٹری کے حساب سے گاڑی کی رینج بالترتیب 548، 651 اور زیادہ سے زیادہ 683 کلومیٹر تک بتائی گئی ہے۔ بڑی بیٹری کے ساتھ گاڑی کو 286 ہارس پاور تک کی طاقت حاصل ہوتی ہے۔ ڈی سی فاسٹ چارجنگ کے ذریعے بیٹری کو 20 فیصد سے 80 فیصد تک تقریباً 20 منٹ میں چارج کیا جاسکتا ہے۔ گاڑی میں ریزرو ایس او ایس سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے باعث بیٹری کا چارج صفر فیصد دکھانے کے بعد بھی گاڑی تقریباً 13 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔حفاظت کے لحاظ سے بی ای 6 اسپورٹیک میں لیول ٹو اے ڈی اے ایس، 540 ڈگری کیمرا اور آٹو پارک اسسٹ فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد ایئر بیگز، اے بی ایس، ای بی ڈی اور اسٹیبلٹی کنٹرول جیسی حفاظتی سہولیات بھی شامل ہیں۔ہندوستانی بازار میں بی ای 6 اسپورٹیک کا مقابلہ ٹاٹا سیئرا ای وی، ہنڈائی کریٹا الیکٹرک اور ایم جی ونڈسر جیسی الیکٹرک گاڑیوں سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے