مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان
کولکاتا، 16 اگست (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اتوار کے روز مانسون کے سرگرم رہنے کا امکان ہے۔ علی پور میں واقع علاقائی محکمہ موسمیات اور ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے گنگا کے میدانی علاقوں میں آج کئی مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر گ
علامتی تصویر


کولکاتا، 16 اگست (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اتوار کے روز مانسون کے سرگرم رہنے کا امکان ہے۔ علی پور میں واقع علاقائی محکمہ موسمیات اور ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے گنگا کے میدانی علاقوں میں آج کئی مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بہت زیادہ موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 17 اگست کو گنگا کے میدانی مغربی بنگال کے کچھ علاقوں میں انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے میں بالائی فضا کے اندر گردابی ہواوں کا دباو بنا ہوا ہے۔ اس کے اثر سے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شمالی خلیج بنگال میں کم دباو کا ایک نیا حلقہ بننے کا امکان ہے۔ کولکاتا، ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ندیا، مرشدآباد، بیر بھوم، مالدہ، مشرقی بردوان، مغربی بردوان، بانکوڑہ، پرولیا، جھاڑگرام، مغربی مدنا پور اور مشرقی مدنا پور میں آج مطلع ابر آلود رہنے اور کئی مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بعض حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ گنگا کے میدانی مغربی بنگال کے لیے آج بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

مشرقی و مغربی مدنا پور، جھاڑگرام اور جنوبی 24 پرگنہ میں بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ سمندر سے ملحقہ علاقوں میں خراب موسم کے خدشے کے پیشِ نظر ماہی گیروں کو بھی احتیاط برتنے کی صلاح دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 15 سے 19 اگست کے دوران مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ساحل سے متصل سمندری علاقوں میں خراب موسم کی وارننگ جاری کی ہے۔

دارجلنگ، کالمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار، کوچ بہار، شمالی دیناج پور، جنوبی دیناج پور اور مالدہ کے بیشتر حصوں میں بادل چھائے رہنے اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شمالی بنگال کے پہاڑی اور ترائی علاقوں میں کچھ مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔ علی پور ریجنل موسمیاتی مرکز نے 17 اگست سے ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست کو گنگا کے میدانی مغربی بنگال میں بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ 17 اگست کو صورتِ حال مزید سنگین ہو سکتی ہے اور چند مقامات پر انتہائی شدید بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ 18 اگست کو بھی موسلادھار بارش اور گرج چمک کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر نہ جانے اور آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیشِ نظر محفوظ مقامات پر رہنے کی صلاح دی ہے۔ مسلسل بارش والے علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی سطح پر آمد و رفت متاثر ہونے کی صورتِ حال پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande