
راج گڑھ، 10 اگست (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے سارنگ پور تھانہ علاقے میں پیر کی صبح تیز بارش کے دوران پڑانا بائی پاس پر جھری نالے کے زیر تعمیر پل پردیواس ضلع کے ستواس علاقے سے کڑلاود جا رہی ایک ایکو کار پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔ کار میں ایک ہی گاؤں کے 11 افراد سوار تھے، جن میں سے اب تک سات افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ دو افراد نے تیر کر اپنی جان بچا لی، جبکہ دو افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
کار ستواس کے دھانسڑ گاؤں کے رہنے والے مکیش سنگھ چوہان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ کار میں تین مرد، چار خواتین اور چار بچے سوار تھے۔ بتایا گیا کہ مکیش سنگھ اور حکم سنگھ حادثے کے بعد کسی طرح تیر کر نالے سے باہر نکل آئے۔ پانی کا بہاؤ بہت تیز ہونے کے باعث کار دیکھتے ہی دیکھتے نالے میں ڈوب گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم روہت بمہورے، ایس ڈی او پی اروند سنگھ، تھانہ انچارج راہل رگھوونشی سمیت انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ڈی ای آر ایف کی ریسکیو ٹیم نے بچاؤ مہم شروع کی۔ کرین کی مدد سے کار کو پانی سے باہر نکالا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سات لاشیں برآمد کی گئیں۔ ان میں تین مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
بتایا گیا کہ پڑانا کے قریب جھری نالے پر تقریباً 30 فٹ طویل پل زیر تعمیر ہے۔ تیز بارش کے باعث پل کے اوپر سے پانی بہہ رہا تھا۔ اسی دوران کار وہاں سے گزرتے وقت پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئی۔ پولیس نے برآمد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال سارنگ پور بھیج دیا ہے۔ ایس ڈی ای آر ایف کی ٹیم باقی دو لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ