
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ اس ہفتے مغربی ہمالیائی خطے میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ وہیں، دہلی-قومی راجدھانی خطہ میں آئندہ دو سے تین دن کے دوران ہلکی بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق منگل کو صبح سے دوپہر کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ اس دن زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 33 سے 35 ڈگری سیلسیس اور 23 سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ وہیں، بدھ اور جمعرات کو بھی ہلکی چھینٹیں پڑ سکتی ہیں۔ ان دنوں بھی موسم معمول پر رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج دہلی-قومی راجدھانی خطہ میں بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے حبس بھرے موسم سے کچھ راحت ملی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق شمالی مدھیہ پردیش اور آس پاس کے علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث آج مشرقی راجستھان اور مغربی مدھیہ پردیش میں بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ 12 اگست کو شمال مغربی خلیج بنگال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ کا علاقہ بننے کے امکانات ہیں۔ اس کے اثر سے 12 سے 14 اگست کے دوران اوڈیشہ میں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔ اس ہفتے مغربی ہمالیائی خطے میں بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
شمال مغربی بھارت کے جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، پنجاب، مغربی اتر پردیش، مشرقی اتر پردیش، مغربی راجستھان اور مشرقی راجستھان میں آئندہ 5 سے 6 روز کے دوران بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ وسطی بھارت میں 13 سے 15 اگست کے دوران مشرقی مدھیہ پردیش اور 12 سے 15 اگست کے دوران چھتیس گڑھ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔
مشرقی بھارت میں 12 اور 14 سے 16 اگست کے دوران ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ شمال مشرقی ہندوستان میں 11 سے 14 اگست کے دوران اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں، جبکہ 11 سے 16 اگست کے دوران ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ مغربی بھارت کے گجرات کے علاقے، کونکن اور گوا میں 11 سے 12 اگست کے دوران اور مدھیہ مہاراشٹر میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 11 سے 14 اگست کے دوران آسام اور میگھالیہ، جبکہ 11 سے 16 اگست کے دوران ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں الگ الگ مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔
جنوبی جزیرہ نما بھارت کے ساحلی کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، شمالی اندرونی کرناٹک، جنوبی اندرونی کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں آئندہ 5 سے 6 دن کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی مدھیہ پردیش میں بہت زیادہ بارش (21 سینٹی میٹر)، اتراکھنڈ اور مشرقی مدھیہ پردیش میں 12-20 سینٹی میٹر، جبکہ اڈیشہ، مغربی اتر پردیش، مشرقی راجستھان اور اروناچل پردیش میں 7 سے 11 سینٹی میٹر تک شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد