
مدھیہ پردیش میں اگلے 4 دن بھاری سے بہت بھاری بارش کا الرٹ، کئی اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال
بھوپال، 08 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں مانسون پوری رفتار سے سرگرم ہے۔ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے پنا، چھترپور، کھنڈوا سمیت کئی اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ منگل کے روز کئی مقامات پر سڑک کا رابطہ منقطع ہو گیا، جبکہ ندیاں طغیانی پر رہیں۔ محکمۂ موسمیات بھوپال کے مطابق، ریاست میں اگلے چار دنوں تک بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 24 گھنٹے میں 4 سے 8 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بدھ کے روز شیوپور، شیوپوری، گنا، اشوک نگر، ساگر اور ٹیکم گڑھ اضلاع میں بہت بھاری بارش کا اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں گوالیار، مرینا، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، چھترپور، دموہ، کٹنی، جبل پور، نرسنگھ پور، رائسین، نرمداپورم، ودیشہ، سیہور، راج گڑھ، آگر-مالوہ، اجین، اندور، دھار، جھابوا، نیمچ اور مندسور اضلاع میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ علی راج پور، بڑوانی، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، ہردا، بیتول، دیواس، بھوپال، چھندواڑا، پانڈھرنا، سیونی، منڈلا، بالاگھاٹ، ڈنڈوری، انوپ پور، امریا، شہڈول، پنا، ستنا، ریوا، مئوگنج، سیدھی، میہر اور سنگرولی میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا اندازہ ہے۔ منگل کے روز ریاست کے بیشتر حصوں میں تیز بارش ہوئی، جس سے کئی علاقوں میں عام زندگی متاثر رہی۔ اندور کے کھڑیل روڈ پر واقع جیت کارن گاوں میں سڑک دھنسنے سے اسکولی بچوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ وہیں، چھترپور کے کھجوراہو اور پنا سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلاب جیسی صورتحال دیکھنے کو ملی۔
منگل کے روز ریاست کے 29 اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ پونے دو انچ بارش چھترپور کے کھجوراہو میں درج کی گئی۔ دھار میں ڈیڑھ انچ سے زیادہ، راج گڑھ میں سوا انچ، رتلام اور اجین میں پون انچ جبکہ بھوپال، ساگر اور کھرگون میں آدھا انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے پوری ریاست میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور دن کے درجۂ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ پانچ بڑے شہروں میں اندور کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30.2 ڈگری سیلسیس، جبل پور کا 30.6 ڈگری، بھوپال کا 31 ڈگری، اجین کا 31.5 ڈگری اور گوالیار کا 33.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
شیوپور میں سب سے زیادہ 34.4 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج ہوا، جبکہ ملاج کھنڈ سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سیونی، دھار، نوگاوں، دموہ، کھنڈوا، ساگر، بیتول، چھندواڑا، کھرگون، ٹیکم گڑھ اور ستنا میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہا۔ ریاست میں جون ماہ سے ہی آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 6 جولائی تک ہوئی بارش کے اعداد و شمار کے مطابق، مدھیہ پردیش میں اب تک کل 200.5 ملی میٹر (تقریباً 8 انچ) بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جو عام بارش 191.3 ملی میٹر (7.7 انچ) سے 5 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ریاست کے مشرقی حصے میں عام سے 12 فیصد کم بارش ہوئی ہے، جبکہ مغربی مدھیہ پردیش میں عام سے 21 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن