
جموں،28 جولائی (ہ س)۔
راجوری کے ڈپٹی کمشنرابھیشیک شرما نے سیلاب سے متاثرہ مدینہ کالونی کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو امدادی و بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی آج شام تک بحال کی جائے، جبکہ جل شکتی محکمہ کو جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کرنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینکروں کا انتظام یقینی بنانے کو کہا۔
انہوں نے میونسپل حکام کو متاثرہ علاقوں میں صفائی اور جراثیم کش مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیلدار راجوری کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا تفصیلی سروے کیا جائے تاکہ سرکاری ضابطوں کے مطابق انہیں امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای کو بھی گراؤنڈ واٹر اور مکینیکل محکموں کے اشتراک سے موجودہ بورویل کو جلد فعال بنانے کی ہدایت دی تاکہ متاثرہ آبادی کو مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
متاثرہ رہائشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک شرما نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے پرعزم ہے اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر