
تاریخ کے آئینے میں 09 جولائی : گرو دت اور سنجیو کمار کی پیدائش، جنہوں نے ہندوستانی سنیما کو نئی پہچان دی
ہندوستانی تاریخ میں 09 جولائی کی تاریخ کئی اہم واقعات کی گواہ رہی ہے۔ ہندی سنیما کے لیے یہ دن خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی دن ہندوستانی فلم انڈسٹری کے دو عظیم فنکار گرو دت اور سنجیو کمار کی پیدائش ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنی اداکاری اور تخلیقی صلاحیتوں سے ہندوستانی سنیما کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ آج ہی کی تاریخ میں 1925 کو کرناٹک میں پیدا ہوئے وسنت کمار شیو شنکر پادوکون، جنہیں دنیا گرو دت کے نام سے جانتی ہے، ہندی سنیما کے عظیم اداکار، ہدایت کار اور فلم ساز تھے۔ انہوں نے اپنی فلموں میں انسانی جذبات، سماجی حقیقت اور فنی نقطۂ نظر کا ایسا تال میل پیش کیا، جو آج بھی ایک مثال مانا جاتا ہے۔ ان کی سدا بہار فلم ’’پیاسا‘‘ اور ’’کاغذ کے پھول‘‘ کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔ باوقار ’ٹائم‘ میگزین نے ان دونوں فلموں کو دنیا کی 100 بہترین فلموں کی فہرست میں شامل کیا۔ اس کے علاوہ ’’چودھویں کا چاند‘‘ اور ’’صاحب بی بی اور غلام‘‘ بھی ان کی یادگار فلموں میں شامل ہیں۔
وہیں، 1938 میں اسی دن گجرات کے سورت میں پیدا ہوئے سنجیو کمار کا اصل نام ہری بھائی جری والا تھا۔ انہوں نے اپنی فطری، اثر انگیز اور متنوع اداکاری سے ہندی سنیما میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ سنجیو کمار نے رومانوی، مزاحیہ، سنجیدہ اور کردار نگاری پر مبنی کرداروں کو یکساں مہارت کے ساتھ ادا کیا۔ انہوں نے ’’آندھی‘‘، ’’کوشش‘‘، ’’انگور‘‘، ’’شعلے‘‘، ’’ترشول‘‘ اور ’’نیا دن نئی رات‘‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ خاص طور پر ’’کوشش‘‘ اور ’’آندھی‘‘ میں ان کی اداکاری کو آج بھی ہندی سنیما کی بہترین کارکردگیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1816 - ارجنٹینا نے اسپین سے آزادی حاصل کی۔
1819 - سلائی مشین کے موجد الیاس ہاو کی پیدائش۔
1875 - بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا قیام۔
1951 - ملک میں پہلی پنچ سالہ اسکیم (56-1951) شائع کی گئی۔
1969 - وائلڈ لائف بورڈ نے شیر کو ملک کا قومی جانور قرار دیا۔ 1973 میں شیر کی جگہ ٹائیگر (باگھ) کو قومی جانور قرار دیا گیا۔
1973 - برطانیہ کی 300 سال پرانی نوآبادیات بہاماس میں برطانوی سلطنت کا سورج غروب ہوا۔
1982 - تمام سیکورٹی نظام کو چکمہ دے کر مائیکل فاگن نامی شخص برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کے بیڈروم تک پہنچ گیا۔
1991 - جنوبی افریقہ کو اولمپک کھیلوں میں دوبارہ حصہ لینے کی اجازت ملی۔
1991 - مشہور و معروف شاعر شعری بھوپالی کا انتقال۔
2001 - ہندوستان کی جانب سے پاک سرحد پر دو چوکیاں قائم کرنے کا اعلان۔
2004 - ایشیائی ترقیاتی بینک نے دہشت گردی سے لڑنے کے لیے اپنے 42 رکن ممالک کے لیے ایک فنڈ قائم کیا۔
2007 - ہندوستانی نژاد امریکی سائنسداں ہمانشو جین کو گلاس سائنس کے شعبے میں نمایاں کام کے لیے ’اوٹو اسکاٹ ریسرچ ایوارڈ‘ دیا گیا۔
2008 - ایران نے طویل اور درمیانی دوری تک مار کرنے والے نو میزائلوں کا تجربہ کیا۔
2011 - سوڈان ایک ریفرنڈم کے بعد علیحدہ ملک بن گیا، 98.83 فیصد لوگوں نے علیحدہ ملک کی حمایت میں ووٹ دیا۔
2015 - ہندوستان کے مایہ ناز شاعر اور مصنف سردار انجم کا انتقال۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن