
نئی دہلی، 6 جولائی (ہ س)۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم بھلے ہی خواتین ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی، لیکن بائیں ہاتھ کی اسپنر شری چرنی نے اپنی شاندار کارکردگی سے پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوںنے پانچ میچوں میں 14 وکٹیں لے کر ورلڈ کپ کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مہم کا اختتام کیا۔
شری چر نی نے پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل اور متاثر کن گیند بازی کی۔ ان کی بہترین کارکردگی نیدرلینڈ کے خلاف سامنے آئی جہاں انہوں نے صرف 19 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ مزید برآں، انہوں نے پاکستان کے خلاف 21 رنز کے عوض تین، جنوبی افریقہ کے خلاف 24 رنز کے عوض تین، بنگلہ دیش کے خلاف 21 رنز کے عوض دو اور آسٹریلیا کے خلاف 32 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈ کپ میں، شری چر نی نے آسٹریلیا کی سوفی مولینیو، پاکستان کی فاطمہ ثنا، اور رنر اپ انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹون جیسی گیند بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ آسٹریلیا کی صوفی مولینو نے سات میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کی فاطمہ ثنا نے پانچ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹون نے سات میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے ہیلی میتھیوز نے بھی چھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ ہندوستان کی ورلڈ کپ مہم توقعات کے مطابق نہیں رہی، شری چر نی کی کارکردگی ٹیم کے لیے سب سے بڑی مثبت تھی۔ ان کی مسلسل موثر گیند بازی نے ہندوستانی ٹیم کو مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس کے لیے نئی امید دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ