
کانپور، 6 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے کانپور میں کمشنریٹ پولیس نے آپریشن وائٹ پاو¿ڈر کے تحت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کل دیر رات سجیتی تھانے کے علاقے سے ساڑھے چار کوئنٹل گانجہ ضبط کیا۔ اڈیشہ سے راجستھان لے جائی جا رہی اس کھیپ کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت کا اندازہ تقریباً 3.5 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس اسمگلنگ میں ملوث بین ریاستی نیٹ ورک کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اے ڈی سی پی ساو¿تھ سمیت سدھاکر رامٹیکے نے بتایا کہ ان کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ اڈیشہ سے بڑی مقدار میں گانجہلے کرایک ٹرک کانپور کے راستے راجستھان جا رہا ہے۔ اس کے بعد اے سی پی گھاٹم پور کرشن کانت کی ہدایت پر سجیتی پولیس نے بری پال مارکیٹ کے قریب محاصرہ کیا اور مشکوک ٹرک کو روکا۔ تلاشی کے دوران ٹرک کے اندر چھپائے گئے گانجے کے سینکڑوں بنڈل برآمد ہوئے۔ پولیس کارروائی کے دوران ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا تاہم پولیس ٹیم نے تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنا نام رامیشور بتایا جو راجستھان کا رہنے والا ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کا کام ٹرک کو راجستھان کی سرحد تک پہنچانا تھا۔ اس کھیپ کو وہاں پہلے سے موجود ایک شخص کے حوالے کرنی تھی۔ اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سپلائی چین میں شامل افراد کے درمیان براہ راست رابطہ نہیں کروایا جاتا تھا۔ اس کے پاس صرف ٹرک کی تفصیلات تھیں، جبکہ اڈیشہ میں مقیم اسمگلر دونوں پارٹیوں کے درمیان رابطے کا کام کرتے تھے۔ پولیس نے ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے اور کال کی تفصیلات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پکڑا گیا گانجہ راجستھان کے مختلف اضلاع میں چھوٹی چھوٹی کھیپ بنا کر ٹھکانے لگایا جانا تھا۔ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسمگلر اکثر جانچ سے بچنے کے لئے ٹرکوں میں خواتین اور بچوں کو بیٹھا کر سفر کرتے ہیں تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ اس معاملے میں بھی ٹرک میں پہلے خواتین اور بچے سوار تھے، جنہیں کانپور پہنچنے سے پہلے راستے میں اتار دیا گیا تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اڈیشہ میں کم قیمت پر دستیاب گانجہ دوسری ریاستوں تک پہنچنے پر کئی گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت کیا جاتا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ضبط شدہ کھیپ کا تعلق ایک بڑے بین ریاستی اسمگلنگ گینگ سے ہے۔ اس کی بنیاد پر اڈیشہ اور راجستھان کے درمیان کام کرنے والے نیٹ ورک، سپلائی کرنے والوں، وصول کنندگان اور دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار کوئنٹل گانجہ اور ٹرک برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کی چھان بین کی جارہی ہے اور کمشنریٹ پولیس کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد