
ہندوستانی تحریکِ آزادی کی تاریخ میں 06 جولائی 1892ء کا دن انتہائی اہم مانا جاتا ہے۔ اسی دن ہندوستان کے معروف قوم پرست رہنما، ماہرِ تعلیم، سماجی مصلح، صنعت کار اور سیاست داں دادا بھائی نووروجی برطانیہ کی پارلیمنٹ (ہاوس آف کامنز) کے لیے منتخب ہوئے۔ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔
’گرینڈ اولڈ مین آف انڈیا‘ کے نام سے مشہور دادا بھائی نووروجی نے لندن کے سینٹرل فنسبری انتخابی حلقے سے لبرل پارٹی کے امیدوار کے طور پر الیکشن جیتا۔ ان کی یہ تاریخی جیت اس دور میں بے حد اہمیت کی حامل تھی، جب ہندوستان برطانوی حکومت کے زیرِ اثر تھا اور ہندوستانیوں کو حکومتی نظام میں بہت محدود شرکت ملتی تھی۔
برطانوی پارلیمنٹ میں پہنچ کر دادا بھائی نووروجی نے ہندوستانیوں کے حقوق کی مضبوطی سے وکالت کی۔ انہوں نے برطانوی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے اپنا مشہور ’ڈرین تھیوری‘ پیش کیا، جس میں بتایا گیا کہ کس طرح برطانیہ ہندوستان کی دولت اور وسائل کا مسلسل استحصال کر رہا ہے۔ ان کی کتاب ’’پوورٹی اینڈ ان-برٹش رول ان انڈیا‘‘ نے بھی نوآبادیاتی نظام کی معاشی پالیسیوں کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دادا بھائی نووروجی انڈین نیشنل کانگریس کے بانی رہنماوں میں شامل تھے اور تین بار کانگریس کے صدر بھی رہے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں ان کی موجودگی نے ہندوستان کی آواز کو بین الاقوامی اسٹیج تک پہنچایا اور تحریکِ آزادی کو نئی فکری طاقت فراہم کی۔
06 جولائی 1892ء کا یہ تاریخی دن ہندوستانی جمہوری اور سیاسی تاریخ میں ایک سنگِ میل مانا جاتا ہے، کیونکہ پہلی بار کسی ہندوستانی کو نوآبادیاتی طاقت کے سب سے اعلیٰ قانون ساز ادارے میں ہندوستان کے مفادات اور حقوق کی بات رکھنے کا موقع ملا۔
دیگر اہم واقعات:
1614- بادشاہ اکبر کے اہم راجپوت سردار مان سنگھ کا انتقال۔
1787- سبپور میں انڈین بوٹینیکل گارڈن کا قیام۔
1885 - لوئس پاسچر نے ریبیز کی ویکسین کا کامیاب تجربہ کیا۔
1940- قازقستان کے صدر نور سلطان نذاربایو کی پیدائش۔
1944- مہاتما گاندھی کو پہلی بار نیتا جی سبھاش چندر بوس نے ’بابائے قوم‘ کہا۔
1947- ’یش بھارتی‘ سے سرفراز اردو کے مشہور شاعر انور جلالپوری کی پیدائش۔
1947- سوویت یونین میں اے کے-47 رائفلوں کی تیاری شروع ہوئی۔
1959- ویلور اسپتال میں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔
1964- ملاوی (سابقہ نیاسالینڈ) کو برطانیہ سے آزادی ملی۔
2002- افغانستان کے نائب صدر عبدالقدیر کا قتل۔
2005- میکسیکو میں انسان کے 40,000 سال پرانے قدموں کے نشانات ملے۔
2006- ورلڈ کپ فٹ بال میں فرانس نے پرتگال کو ہرایا۔
2006- ناتھولا درہ 44 سال بعد کھولا گیا۔
2008- جنوبی مصر میں 5,000 سال پرانے شاہی قبرستان کی دریافت۔
2012- اقوامِ متحدہ کی تجارت اور ترقی کی کانفرنس (انکٹاڈ) کی جاری کردہ عالمی سرمایہ کاری رپورٹ-2012 کے مطابق، کثیر القومی کمپنیوں کے لیے 2012 سے 2014 کے عرصے میں چین سب سے پرکشش سرمایہ کاری کا مرکز رہا، جس کے بعد بالترتیب امریکہ اور ہندوستان کا نمبر رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن