
تاریخ کے آئینے میں 04 جولائی : دنیا کو ہندوستانی فلسفے کا وقار بتانے والے سوامی وویکانند کا انتقال
ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی وراثت کو عالمی سطح پر نئی شناخت دلانے والے عظیم سنیاسی، فلسفی اور مفکر سوامی وویکانند کا انتقال 04 جولائی 1902 کو ہوا تھا۔ محض 39 سال کی عمر میں انہوں نے بیلور مٹھ میں مہاسمادھی لی، لیکن ان کے افکار آج بھی کروڑوں لوگوں کے لیے مشعلِ راہ بنے ہوئے ہیں۔ 12 جنوری 1863 کو کولکاتا میں پیدا ہونے والے سوامی وویکانند کا اصل نام نریندر ناتھ دت تھا۔ وہ رام کرشن پرمہنس کے اہم شاگرد تھے۔ گرو سے روحانی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ہندوستانی ثقافت، ویدانت اور انسانی خدمت کے پیغام کو ملک و بیرونِ ملک پہنچانے کا عزم کیا۔
سال 1893 میں امریکہ کے شہر شکاگو میں منعقدہ عالمی مذہب سنسد (پارلیمنٹ آف ریلجنز) میں ان کے تاریخی خطاب کا آغاز ’’امریکہ کی بہنوں اور بھائیوں‘‘ سے ہوا، جس نے پوری دنیا کی توجہ ہندوستان کی روحانی روایات کی طرف مبذول کرائی۔ ان کی تقریر نے ہندوستانی فلسفے، رواداری اور عالمی بھائی چارے کے جذبے کو بین الاقوامی سطح پر عزت و وقار دلایا۔
سوامی وویکانند نے رام کرشن مشن قائم کر کے تعلیم، خدمت اور تعمیرِ وطن کو روحانیت سے جوڑا۔ ان کا ماننا تھا کہ انسانیت کی خدمت ہی ایشور کی سچی خدمت ہے۔ نوجوانوں کے لیے ان کا یہ پیغام۔ ’’اٹھو، جاگو اور مقصد کے حصول تک مت رکو‘‘، آج بھی اتنا ہی اہم اور جاندار ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1760 - میر جعفر کا بیٹا میران پٹنہ میں گنڈک ندی کے کنارے مارا گیا۔
1789 - ایسٹ انڈیا کمپنی نے ٹیپو سلطان کے خلاف نظام اور پیشوا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔
1827 - نیویارک سے غلامی کے خاتمے کا اعلان ہوا۔
1881 - سلی گوڑی اور دارجیلنگ کے درمیان چھوٹی پٹری پر ’ٹوائے ٹرین‘ چلائی گئی۔
1884 - اسٹیچو آف لبرٹی فرانس نے امریکہ کو تحفے میں دیا۔
1947 - برطانوی پارلیمنٹ میں ’انڈین انڈیپینڈنس ایکٹ‘ پیش کیا گیا۔
1960 - امریکی جھنڈے میں 50 واں ستارہ جوڑا گیا، جو نئی ریاست ہوائی کی نمائندگی کرتا ہے۔
1986 - سنیل گاوسکر نے 115 واں کرکٹ ٹیسٹ میچ کھیل کر نیا ریکارڈ بنایا۔
1996 - مفت انٹرنیٹ ای میل سروس ہاٹ میل کا آغاز ہوا۔ اگلے ہی سال اسے مائیکروسافٹ نے خرید لیا۔
1997 - امریکی خلائی گاڑی ’سوجرنر‘ مریخ پر پہنچی۔
1997 - ناسا کا پاتھ فائنڈر اسپیس پروب مریخ کی سطح پر اترا۔
1998 - جاپان نے مریخ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ’پلینیٹ-بی‘ نامی اپنا پہلا بین السیارتی مشن بھیجا۔
1998 - برطانیہ کی ایک پاور بوٹ ’دی کیبل اینڈ وائرلیس ایڈونچر‘ نے 74 دن 20 گھنٹے اور 38 منٹ میں سفر مکمل کر کے سب سے تیز رفتاری سے دنیا کا چکر لگانے کا ریکارڈ توڑا۔
1999 - ہندوستان کے لینڈر پیز اور مہیش بھوپتی نے ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے ڈبلز مقابلے میں خطاب جیتا۔
2003 - پاکستان میں شیعہ مسجد پر ہوئے حملے میں 44 افراد مارے گئے۔
2008 - تقریباً آٹھ سال بعد چین کی اہم سرزمیں اور تائیوان کے درمیان باقاعدہ براہِ راست پروازوں کا پہلا طیارہ تائیوان کے تائویوان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔
2012 - سرن کے سائنسدانوں نے بتایا کہ انہوں نے نئے ذرے ہگز بوسون کی دریافت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن