
کولکاتا، 4 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے اندر جاری سیاسی ہلچل کے درمیان ایک بڑا سیاسی واقعہ سامنے آیا ہے۔ پارٹی کی ریاستی صدر چندریما بھٹاچاریہ نے ہفتہ کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر ریاستی صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی اطلاع دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی اور اس کی مختلف یونیٹوں کے بینک کھاتوں کی دستخط کنندہ، نیز الیکشن کمیشن کے سامنے پارٹی کی نمائندگی سمیت تمام انتظامی ذمہ داریوں سے بھی خود کو سبکدوش کرنے کی درخواست کی ہے۔
سیاسی ذرائع کے مطابق، چندریما بھٹاچاریہ کے بیٹے سوربھ باسو کے حال ہی میں رتبرت بنرجی کی قیادت والے ترنمول کے باغی گروپ میں شامل ہونے کے بعد سے ہی ان کے سیاسی مستقبل کو لے کر قیاس آرائیاں تیز ہو گئی تھیں۔ اسی پس منظر میں ان کے استعفے نے پارٹی کی اندرونی صورتحال پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
استعفیٰ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ انہیں کسی شخص یا رہنما سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض حالات کی وجہ سے ان کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ وہ آئندہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس میں برقرار رہیں گی یا نہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ممتا بنرجی دوبارہ انہیں ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کہیں تو کیا وہ واپس آئیں گی، تو انہوں نے کہا، یہ واپس آنے کا معاملہ نہیں ہے۔ جب کسی کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگ جائے تو پھر اس مقام پر واپس نہیں آیا جا سکتا۔
اس پیش رفت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے باغی گروپ کے رہنما رتبرت بنرجی نے کہا کہ پہلے ترنمول کانگریس میں معمولی سی غلطی پر بھی سخت کارروائی کا خوف رہتا تھا، لیکن اب وہ روایت ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق، اسی وجہ سے اب بہت سے لوگ اس نظام کا حصہ نہیں رہنا چاہتے۔
ادھر ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما شوبھندیب چٹوپادھیائے نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک چندریما بھٹاچاریہ کا استعفیٰ نہیں دیکھا ہے۔ ایسے میں خط دیکھے بغیر اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
قابلِ ذکر ہے کہ چندریما بھٹاچاریہ کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے سب سے قابلِ اعتماد رہنماؤں میں شمار کیا جاتا رہا ہے۔ وہ ریاستی حکومت میں مالیات اور صحت جیسے اہم محکموں کی وزیر رہ چکی ہیں۔ پارٹی میں تقسیم اور اندرونی کشمکش کے درمیان 3 جون کو ممتا بنرجی نے انہیں ترنمول کانگریس کا ریاستی صدر مقرر کیا تھا، لیکن تقریباً ایک ماہ کے اندر ہی انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
واضح رہے کہ ایک دن پہلے ہی ترنمول کانگریس کے پارٹی دفتر پر رتبرت بنرجی کی قیادت والے باغی گروپ کے قبضے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ان لوگوں نے باغی گروپ کو پارٹی دفتر سونپ دیا۔ وزیر اعلیٰ کے اس بیان میں استعمال کیے گئے الفاظ ان لوگوں کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں یہ بحث تیز ہو گئی تھی کہ ان کا اشارہ بالواسطہ طور پر چندریما بھٹاچاریہ کی جانب تھا۔ تاہم، اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد