

بھوپال، 04 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں لگاتار ہو رہی موسلا دھار بارش سے کئی اضلاع میں عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ ندیاں اور نالے طغیانی پر ہیں، جس سے کئی گاوں کا ضلع ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ہردا میں نرمداپورم-کھنڈوا اسٹیٹ ہائی وے بند ہو گیا ہے، جبکہ کھنڈوا، سیہور، آشٹہ اور اجین سمیت کئی اضلاع میں سیلاب جیسے حالات بن گئے ہیں۔
ہردا ضلع میں لگاتار بارش کے سبب گرام ماندلا کے پاس کالی ماچک ندی پل سے تقریباً تین فٹ اوپر بہہ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے نرمداپورم-کھنڈوا اسٹیٹ ہائی وے پر آمد و رفت پوری طرح بند ہو گئی۔ کئی گاوں کا رابطہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ وہیں کھنڈوا ضلع میں جمعہ کی شام سے لگاتار ہو رہی تیز بارش کی وجہ سے کلود بلاک کے گرام گربڑی میں واقع نالے میں سیلاب آ گیا۔ ابلتے ہوئے نالے سے کھرکیا روڈ پر آمد و رفت پوری طرح بند ہو گئی۔ سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو نالے اور پلوں کو پار نہ کرنے کی صلاح دی ہے۔
لگاتار بارش کی وجہ سے اونکاریشور میں نرمدا ندی کی آبی سطح بڑھنے سے انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر کشتی چلانے اور عقیدت مندوں کے اشنان (نہانے) پر روک لگا دی ہے۔ گھاٹوں پر گندگی اور پھسلن بڑھ گئی ہے نیز کئی دکانوں میں پانی بھر گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے راحت اور بچاو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔
آشٹہ علاقے میں پاروتی، پپناس اور نیوج ندیاں طغیانی پر ہیں۔ کھاچرود، مہتواڑا، مینا، کوٹھری، بھنورا، باگیر، سنگارچوری، ہراجکھیڑی، ڈھکنی اور موگلی سمیت کئی گاوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے۔ کھیت تالاب میں تبدیل ہو گئے ہیں اور بڑگھاٹی-راماپورا علاقے میں سویا بین کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈھاکنی-موگلی، ہرجکھیڑا-نیپانیہ، املاہا-گولوکھیڑی اور دیگر راستوں پر پلوں کے اوپر پانی بہنے سے آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے پلوں کے دونوں طرف پولیس فورس تعینات کی ہے۔
اجین ضلع کے انگوریا تھانہ علاقے میں جمعرات کی شام تیز بہاو میں بائیک سمیت بہہ گئے گرام پنچایت اسسٹنٹ سکریٹری سوریا پرکاش سنگھ سونگیرا (35) کی لاش ہفتہ کی صبح چمبل ندی سے جائے وقوعہ سے تقریباً ساڑھے چار کلومیٹر دور برآمد کی گئی۔ ہوم گارڈ، ایس ڈی آر ایف اور دیہاتیوں نے تقریباً 36 گھنٹے تک ریسکیو مہم چلائی۔ وہ اپنے پیچھے بیوی، تین بیٹیاں اور آٹھ ماہ کا بیٹا چھوڑ گئے ہیں۔
اندور میں جمعہ کی رات سے لگاتار رک رک کر بارش جاری ہے۔ اس مانسون سیزن میں اب تک تقریباً 12 انچ بارش درج کی جا چکی ہے۔ لگاتار بارش سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے اور موسم خوشگوار بنا ہوا ہے۔ پانڈھرنا میں ندی کے کنارے واقع پانچ کچے مکانات گر گئے، جبکہ تین بکریاں اور گھریلو سامان بہہ گیا۔ کھرگون، بالاگھاٹ، گوالیار، رتلام، جبل پور، ساگر، منڈلا، بیتول، رائسین، چھندواڑا اور دیگر اضلاع میں بھی تیز بارش سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔
ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ابلتی ہوئی ندیوں، پلوں اور پولیوں کو پار کرنے کی کوشش نہ کریں۔ صرف محفوظ اور متبادل راستوں کا استعمال کریں نیز انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ کئی اضلاع میں راحت اور بچاو ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن