
نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے 12 ویں دن جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے ایودھیا رام مندر کے چڑھاوے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران رکن پارلیمنٹ پپو یادو انوکھے انداز میں پجاری کا لباس پہن کر بیٹھ گئے۔
احتجاج کے دوران آزاد رکن پارلیمنٹپپو یادو، بھگوا لباس میں ملبوس اور پجاری کا روپ دھار کر زمین پر کچھ دان پیٹی (عطیہ باکس) لے کر بیٹھ گئے۔ اس دوران لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے علامتی طور پراس میں چندہ ڈالا۔ پپو یادو کے پیچھے کھڑے ممبران پارلیمنٹ کے ہاتھوں میں پوسٹر تھے ،جس میں وزیر داخلہ کی غیر موجودگی کے بارے میں ”امت شاہ پارلیمنٹ سے غائب کیوں؟“جیسے سوالات لکھے ہوئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ مانسون اجلاس کے پہلے دن سے ہی (مسلسل 12 دن سے) ہی مختلف مدعوں پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ہموار طریسے سے نہیں چل سکی ہے۔ سماجی مدعوں، طلبہ کے احتجاج اور مذہبی مقامات کے انتظام میں شفافیت جیسے مسائل پر اپوزیشن جماعتیں مودی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد