
احمد آباد/ سورت، 31 جولائی (ہ س)۔ گجرات میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا نیا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کی طرف سے جاری کردہ ریڈ الرٹ کے درمیان جمعہ کی صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے کے درمیان ریاست کی 87 تحصیلوں میں بارش درج کی گئی۔
صبح 8 سے 10 بجے کے درمیان صرف دو گھنٹے میں کھیڑا ضلع کے واسو میں پانچ انچ بارش ہوئی جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ سورت، وڈودرا اور بھروچ سمیت کئی شہروں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جب کہ سورت میں ندی اور نہروں میں بڑھتی پانی کی سطح سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
نوساری ضلع کی گندیوی تحصیل کے گندیوا گاو¿ں کے قریب مزدوروں سے بھرا ایک ٹیمپو غلطی سے بجلی کے تار سے ٹکرا گیا۔ کرنٹ لگنے سے ٹیمپو میں سوار تین مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو کھرل اسپتال میں داخل کرایا گیااور ایک شدید زخمی کو آگے کے علاج کے لیے سورت ریفر کر دیا گیا۔ ابھی تک سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ نوساری پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گندیوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مرکزی وزیر سی آر پاٹل بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
ریاست کے مختلف حصوں میں صبح سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ واسو میں دو گھنٹے میں پانچ انچ، بالاسینور میں تقریباً ڈھائی انچ اور ناڈیاد میں ایک انچ سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ وڈودرا، بھروچ، کھیڑا اور چھوٹاودے پور میں ندیوں میں طغیانی ہے۔ دریائے ہیرن میں طغیانی آ گئی ہے جس سے راجواسنا میں ربڑ ڈیم مکمل طور پر ڈوب گیا ہے۔
سورت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے کتارگام، سوریہ پور گرنالہ اور پودار آرکیڈ روڈ سمیت کئی علاقے گھٹنوں تک پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچنے پر انتظامیہ مستعد ہے۔ کٹارگام کے علاقے میں کھلی سیوریج لائن اور میونسپل ملازمین کی مبینہ لاپرواہی پر مقامی لوگ ناراض ہیں۔
دریں اثنا، نرمدا ضلع کے تلکواڑہ میں، ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے سیلاب کے پانی میں پھنسے ایک نوجوان کو کامیابی کے ساتھ بچایا۔ راج پیپلا- سسودرا سڑک بہہ جانے سے ٹریفک بند ہو گئی ہے۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی ) چوبیس گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت گجرات میں چار موسمی نظام فعال ہیں۔ ان میں ایک گہرا ڈپریشن، مانسون کی ٹرف لائن، اوپری ہوا کا سائیکلونک سرکولیشن اور ایک ویسٹرن ڈسٹربنس شامل ہیں۔ ان سسٹم کے اثر و رسوخ کی وجہ سے 2 اگست تک ریاست میں بھاری سے بہت بھاری بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کے داس نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ احمد آباد، بوٹاڈ، بھاو نگر، آنند، وڈودرا، چھوٹاادے پور، بھروچ، نرمدا، سورت، تاپی، نوساری، ڈانگ، ولساڈ، دمن اور دادرا اور نگر حویلی میں آج انتہائی تیز بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سریندر نگر، راجکوٹ، امریلی، گاندھی نگر، کھیڑا، پنچ محل اور داہود میں اورنج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ ریاست کے دیگر اضلاع کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر انتظامیہ کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بچوں کی حفاظت کے لیے احمد آباد، وڈودرا اور سورت سمیت نو اضلاع کے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریلیف کمشنر گورانگ مکوانا کی صدارت میں گاندھی نگر میں منعقدہ ویدر واچ گروپ کی میٹنگ میں تمام محکموں کو ضروری وسائل اور امدادی ٹیموں کے ساتھ پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد