
علی گڑھ 31 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سوئمنگ کلب کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے توسیعی پروگرام کے تحت منعقدہ سوئمنگ سمر کیمپ-2026 کی کامیاب تکمیل پر یوسف علی ایکواٹکس اینڈ اسپورٹس کمپلیکس میں تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی۔
تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد صرف تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ نظم و ضبط، ذمہ داری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار شہری تیار کرنا بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو یونیورسٹی کی کھیلوں کی بہترین سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے اور کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور بہترین کارکردگی جیسی اقدار کو اپنانے کی تلقین کی۔
مہمانِ اعزازی، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر انجم پرویز نے کہا کہ تیراکی بہترین جسمانی ورزشوں میں سے ایک ہے، جو دل اور پھیپھڑوں کی صحت بہتر بنانے، عضلات کو مضبوط کرنے اور جسمانی و ذہنی تندرستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو کم عمری ہی سے کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔
اس سے قبل سوئمنگ کلب کے صدر پروفیسر فضل الرحمن نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے توسیعی پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، تربیت کاروں، شرکاء اور والدین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے عوامی رابطہ اور کھیلوں کے فروغ کے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
اس موقع پر معزز مہمانوں نے کیمپ کی تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے تمام 119 شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ کیمپ کے دوران محمد شعیب، سہیل فاروقی اور جنید صدیقی نے شرکاء کو تیراکی کی عملی اور تکنیکی تربیت فراہم کی۔
تقریب کی نظامت مسٹر مظہر القمر نے کی۔ اس موقع پر پروفیسر محمد طارق، پروفیسر عفت اصغر، ڈاکٹر افتخار احمد انصاری، ڈاکٹر آصف خان، پروفیسر مسرور عالم، ڈاکٹر سرفراز عالم، انیس الرحمٰن خان، ڈاکٹر فیصل شیروانی سمیت اساتذہ، طلبہ، شرکاء اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ