
ہنگو، 30 جولائی (ہ س) —
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزانہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر منگل کی دیر رات دہشت گردوں کے بڑے حملے میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) دیار خان سمیت 11 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور مارے گئے۔
پاکستان کے اردو ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) مجاہد حسین نے بتایا کہ اس جھڑپ میں 28 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ حملہ آوروں نے پولیس کی تین گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا جبکہ ایک گاڑی اپنے ساتھ لے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی مہم تیز کر دی ہے۔
تاحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا حالیہ مہینوں کے دوران تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد حملوں سے مسلسل متاثر رہا ہے۔
حملے کے بعد پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول میں کھڑی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ