دمیاطہ بندرگاہ میں امریکی جہاز کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا: مصر
قاہرہ ،30جولائی (ہ س )۔ مصری حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دمیاطہ بندرگاہ پر بدھ کے روز لگنے والی آگ ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں بھڑکی تھی۔ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں مصری سرزمین کو براہِ راست ن
دمیاطہ بندرگاہ میں امریکی جہاز کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا: مصر


قاہرہ ،30جولائی (ہ س )۔

مصری حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دمیاطہ بندرگاہ پر بدھ کے روز لگنے والی آگ ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں بھڑکی تھی۔ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں مصری سرزمین کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق مصری حکام نے پہلے بتایا تھا کہ آگ لگنے کے باعث دو گیس بردار جہاز متاثر ہوئے تھے۔ سمندری تجارت پر نظر رکھنے والی کمپنی کیپلر کے مطابق، اس واقعے کے نتیجے میں مصر کے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) درآمدی ٹرمینلز میں سے ایک کے آپریشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کے پیچھے کون تھا۔ تاہم یہ واقعہ ایران کی جانب سے اردن میں امریکی افواج پر میزائل حملے اور اس کے بعد امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے عراق میں ایران نواز مسلح گروہوں کو نشانہ بنانے کے فوراً بعد پیش آیا، جسے خطے میں کشیدگی میں اضافے کی ایک اور علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبری نے ابتدائی جائزے کی بنیاد پر کہا ہے کہ ایک ڈرون نے دمیاطہ بندرگاہ میں موجود ایک امریکی کمپنی کے گیس سٹوریج ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا۔ایک علیحدہ بیان میں انچکیپ پورٹ سروسز نے بھی تصدیق کی کہ دمیاطہ بندرگاہ پر گیس لے جانے والے دو جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

مصری وزارتِ پٹرولیم نے ب±دھ کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ دمیاطہ بندرگاہ میں گیس ذخیرہ کرنے اور ری گیسیفیکیشن کرنے والے ایک جہاز کے ساتھ ایک دوسرے ذخیرہ بردار جہاز میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس پر فائر فائٹنگ اور سکیورٹی ٹیموں سمیت ہنگامی امدادی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔

وزارت کے مطابق، مصری وزیرِ پٹرولیم کریم بدوی نے ریسکیو اور آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ تکنیکی اور امدادی ٹیمیں اب بھی واقعے کی وجوہات اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande