
تہران ،30جولائی (ہ س )۔
ایران پر امریکہ کے ذریعہ تازہ ترین حملوں کے دعوؤں کے درمیان ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن کے الازرق ایئر بیس پر کیے گئے میزائل حملے میں تین امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ مزید تین طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم اس دعوے کی تاحال امریکی یا اردنی حکام، یا کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ یہ حملہ جزیرہ قشم میں دو رہائشی گھروں پر ہونے والے امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔ اس کے مطابق ان حملوں میں ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک اور دو دیگر بچے زخمی ہوئے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ الازرق ایئر بیس پر لڑاکا طیاروں کی تنصیب اور مرمت کے ایک ہینگر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی افسران اور فنی عملے کے ارکان ہلاک ہوئے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی مخصوص تعداد یا مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دریں اثنا اردن کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے پانچ میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے تھے اور حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔امریکہ نے بھی تاحال ایف-35 طیاروں کی مبینہ تباہی یا اپنی افواج میں کسی جانی نقصان کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ