
نئی دہلی، 03 جولائی (ہ س)۔ ایمیزن کے گروگرام گودام کے لئے بھیجے جانے والے ویوو موبائل فون کی کھیپ سے تقریباً 1500 موبائل فون چوری کرنے والے ایک بین ریاستی گینگ کا دوارکا ضلع کے سیکٹر-23 پولیس اسٹیشن نےپردہ فاش کیا ہے ۔ پولیس نے اس معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کی اطلاع پر بلند شہر کے ایک باغ سے 604 نئےویوو موبائل فون برآمد کئے ہیں۔ برآمد شدہ موبائل فون کی مالیت تقریباً 1.5 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹرانزٹ کے دوران مہنگی الیکٹرانک اشیا کی کھیپ کو نشانہ بناکر چوری کرتے تھے اور بعد میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔
دوارکا ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کشل پال سنگھ کے مطابق، 20 جون کو سیکٹر 23 تھانہ میں گودام منیجر روی کی شکایت پر ای ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 4500 نئے ویوو موبائل فون کو ایک ٹرک پر لوڈ کرکے کر گروگرام کے ایک ایمیزن کے گودام میں بھیجا جا رہا ہے۔ راستے میں، ٹرک ڈرائیور نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھیپ سے تقریباً 1500 موبائل فون نکال لیے۔ اس کے بعد وہ ٹرک کو باقی سامان کے ساتھ گروگرام میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
تین ملزمان گرفتار
اس معاملے میں پولیس نے ناگلہ فرید، ضلع ایٹہ (یو پی) کے رہنے والے پنکج عرف دھیریندر، ضلع ایٹہ کے ناگلہ فرید کے رہنے والے آنند عرف ردریش اور ٹکری کلاں، ضلع ہاتھرس کے رہنے والے موہت عرف پنڈیر کو گرفتار کیا ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ تینوں اس سے قبل بھی مختلف ریاستوں میں موبائل فون اور دیگر مہنگے الیکٹرانک سامان کی چوری کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔
200 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں نے پول کھولی
کیس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس کی قیادت سیکٹر-23 پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر بیجندر چھلر کر رہے تھے۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ سے ممکنہ راستے تک نصب 200 سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج کا جائزہ لیا۔ تکنیکی اور دستی تفتیش کے دوران، پولیس نے ایک پک اپ گاڑی کی نشاندہی کی جو چوری شدہ موبائل فون کو لے جانے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اتر پردیش کے نالج پارک پولیس اسٹیشن نے پک اپ گاڑی اور کچھ چوری شدہ موبائل فون پہلے ہی برآمد کر لیے ہیں۔ تینوں ملزمان کو وہاں سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد، دوارکا پولیس نے عدالت سے پروڈکشن وارنٹ حاصل کیا اور اس معاملے میں تینوں کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ چوری شدہ موبائل فون بلند شہر ضلع کے بھیگے پور گاو¿ں کے ایک باغ میں چھپاکر رکھے گئے ہیں ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا اور 604 نئے ویوو موبائل فون برآمد کئے۔ برآمد شدہ موبائل فون کی تخمینہ قیمت تقریباً 1.5 کروڑ روپے ہے۔ یہ برآمدگی پولیس ریمانڈ کے دوران ہوئی ہے۔
اس طرح جرم کو انجام دیتے تھے
تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان ایک منظم گینگ کے رکن تھے جو ٹرانزٹ کے دوران مہنگے الیکٹرانک سامان لے جانے والے ٹرکوں کو نشانہ بناتے تھے۔ سامان کو کنسائنمنٹ سے نکالنے کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ذریعے مختلف مقامات پر چھپا دیتے اور بعد میں بازار میں فروخت کر دیتے۔ پوچھ گچھ میں گینگ کے دیگر ارکان اور بقیہ مسروقہ موبائل فون کے حوالے سے بھی اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد