عالمی یومِ اردو ایوارڈز 2026 کا اعلان، ڈاکٹر ادریس احمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور رئیس وارثی (نیویارک) کو قاضی محمد عدیل عباسی عالمی یوم اردو ایوارڈ
نئی دہلی،29 جولائی(ہ س)۔عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کی میٹنگ یہاں ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں حسب سابق امسال بھی علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 9 نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر اردو زبان کے مختلف اصنا
عالمی یومِ اردو ایوارڈز 2026 کا اعلان، ڈاکٹر ادریس احمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ  اور  رئیس وارثی (نیویارک) کو قاضی محمد عدیل عباسی عالمی یوم اردو  ایوارڈ


نئی دہلی،29 جولائی(ہ س)۔عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کی میٹنگ یہاں ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں حسب سابق امسال بھی علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 9 نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر اردو زبان کے مختلف اصناف اور شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی اہم شخصیات کو ’عالمی اردو ایوارڈ 2026‘ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے بتایا کہ ایوارڈ کمیٹی نے امسال کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ڈاکٹر ادریس احمد کو دینے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر ادریس احمد تقریباً چار دہائیوں سے اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت میں مصروف ہیں۔ وہ فی الوقت غالب انسٹیٹیوٹ، نئی دہلی کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید بتایا کہ معروف صحافی جلال الدین اسلم، سہیل انجم اور جاوید اختر پر مشتمل ایوارڈ کمیٹی نے صحافت، شاعری، اردو ادب اور فارسی زبان و تحقیق نیز تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں چند دیگر شخصیات کو بھی عالمی یوم اردو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا۔ جن دیگر شخصیات کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ان میں ڈاکٹر دبیر احمد، کولکاتا (علامہ اقبال عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ادب)، پروفیسر سید آل ظفر، مظفرپور (مرزا غالب عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے شاعری)، رئیس وارثی، نیویارک (قاضی محمد عدیل عباسی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ترویج زبان اردو)، ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبدالستار، شولا پور(مولانا عبدالماجد دریابادی عالمی یوم ایوارڈ برائے زبان و ادب) اور ڈاکٹر خبیب احمد، اعظم گڑھ (کنور مہندر سنگھ بیدی عالمی یوم ایوارڈ برائے ادب) شامل ہیں۔ کئی صحافیوں کو بھی ان کی نمایاں خدمات کے لیے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان میں ڈاکٹر شمع افروز زیدی، نئی دہلی (نورجہاں ثروت عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، عبدالرشید، باغپت (مولانا عثمان فارقلیط عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، سعید احمد، دہلی (مولانا محمد مسلم عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، ڈاکٹر ذکی طارق، غازی آباد (محفوظ الرحمن عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، منجیت بھاوڑیا مجید، کروکشیتر، ہریانہ (پنڈت دیونرائن پانڈے عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، عبدالعظیم مدنی جھنڈانگری، نیپال (مولانا ثنائ اللہ امرتسری عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے کالم نویسی) اور ڈاکٹر محمد شمیم اختر، دوردرشن، دہلی (امین سیانی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے الکٹرانک میڈیا) شامل ہیں۔

اردو ادب کے دیگر اصناف میں نمایاں خدمات کے لیے بھی کئی شخصیات کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے نام ہیں: شہاب انور، امروہہ (مولوی اسمٰعیل میرٹھی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فروغ اردو زبان و ادب)، محمد احمد دانش، شکارپور، بجنور (ڈاکٹر ذاکر حسین عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ادب اطفال)، ڈاکٹر جاوید اختر، کرناٹک (علمت یٰسین عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فروغ اردو)، ڈاکٹر محمد مقیم، دہلی (نصیر الدین ہاشمی ایوارڈ برائے اردو تحقیق)، پروفیسر شمس الہدی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد (مولوی عبدالحق عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ادب)، ڈاکٹر ارشد حسن خان، ٹونک (ڈاکٹر ابوالفیض عثمانی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فروغ ادب) اور مولانا محمد شمشاد ندوی، جے پور (مولانا عبدالحمید رحمانی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے اردو زبان)۔ ان کے ساتھ ہی جن دیگر شخصیات کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر شبانہ نظیر (پروفیسر محمد شفیع علیگ عالمی یوم اردو برائے فروغ تعلیم)، محمد رفیع، مظفرپور (مولانا آزاد عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے اردو زبان و قومی یکجہتی)، ڈاکٹر سفیان انصاری، بہرائچ (مقبول احمد صدیقی ایوارڈ برائے بہترین معلم)، خان نوید الحق، ممبئی (سرسید عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فروغ تعلیم)، راکیش کمار شرما، دہلی (منشی پریم چند عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور صحافت) کے نام شامل ہیں۔ امسال کا منشی نول کشور عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے نشر و اشاعت رانچی، جھارکھنڈ کے ہادی پبلی کیشنز کو دیا جائے گا۔ یہ ادارہ گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے اردو میں پرائمری سے ہائی اسکول تک کی کتابیں شائع کر رہا ہے۔

ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے بتایا کہ یہ ایوارڈز نئی دہلی میں 9 نومبر 2026 کو ایک باوقار تقریب میں دیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ ایوارڈ یافتگان اردو کی ترویج و ترقی میں مزید معاون ہوں گے۔ عالمی یوم اردو کے موقع پر حسب سابق یادگاری مجلہ بھی شائع کیا جائے گا۔ اس سال کا مجلہ گورکھپور کی ایک عظیم علمی و ادبی شخصیت محمد حامد علی کی حیات و خدمات پر مشتمل ہو گا۔ خیال رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور یونائٹیڈ مسلم آف انڈیا کے زیر اہتمام علامہ محمد اقبال کی یوم پیدائش9 نومبر کے موقع پر ’یوم اردو‘ منانے کا سلسلہ 1997 میں نئی دہلی میں شروع ہوا تھا، جو اَب ’عالمی یوم اردو‘ کی شکل میں ہندوستان کے مختلف شہروں کے ساتھ ہی دنیا کے متعدد ملکوں میں بھی منایا جاتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande