
جموں،29 جولائی (ہ س)۔
ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ماہرین کی جانب سے تکنیکی جانچ مکمل ہونے اور پل کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد پرانے ڈوڈہ پل کو فوری طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پل کا تفصیلی تکنیکی معائنہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے انجام دیا، جس کے بعد اپنی رپورٹ میں اسے ساختی اعتبار سے محفوظ قرار دیا گیا۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ضلع انتظامیہ نے پل پر ٹریفک بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ پل میں مبینہ دراڑوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر اس پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی تھی تاکہ ماہرین اس کا مکمل معائنہ کر سکیں اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔تکنیکی کمیٹی کی جانب سے پل کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد انتظامیہ نے تمام احتیاطی پابندیاں ختم کرتے ہوئے پل پر معمول کے مطابق گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر