مملکت کسی بھی جارحیت کا مناسب وقت اور مناسب مقام پرجواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے:سعودی عرب
ریاض،29جولائی(ہ س)۔ سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مملکت نے امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے تعاون سے عراق میں موجود ان ایران نواز ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر محدود اور ہدفی فضائی کارروائیاں کیں جنہیں حالیہ دنوں میں سعودی تیل تنصیبات پر ڈرو
مملکت کسی بھی جارحیت کا مناسب وقت اور مناسب مقام پرجواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے:سعودی عرب


ریاض،29جولائی(ہ س)۔ سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مملکت نے امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے تعاون سے عراق میں موجود ان ایران نواز ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر محدود اور ہدفی فضائی کارروائیاں کیں جنہیں حالیہ دنوں میں سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔وزارتِ دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں سعودی عرب کے حقِ دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تحت انجام دی گئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مملکت اپنے خلاف کسی بھی جارحیت کا مناسب وقت اور مناسب مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔وزارت نے واضح کیا کہ سعودی عرب خطے میں کشیدگی بڑھانے کا خواہاں نہیں، تاہم اگر اس کی سلامتی یا خودمختاری کو خطرہ لاحق ہوا تو بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔بیان کے مطابق عراق میں سرگرم ایران نواز ملیشیاؤں نے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع تیل کی تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ یہ حملے گزشتہ روز ہونے والے اسی نوعیت کے حملے کے بعد کیے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے تمام ڈرون راستے ہی میں تباہ کر دیے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب سعودی کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت اپنی قومی سلامتی، اقتصادی مفادات اور اہم تنصیبات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ کابینہ نے کہا کہ ہر دشمنانہ کارروائی کا جواب بین الاقوامی قانون، انسانی اصولوں اور متناسب دفاعی اقدامات کے مطابق دیا جائے گا۔کابینہ نے عراقی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو سعودی عرب یا کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور ایسے گروہوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائے۔اجلاس میں ان دوست ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کی مذمت کی اور سعودی فضائی دفاع کی بروقت کارروائی کو سراہا۔

ادھر سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک الگ بیان میں ایران نواز عراقی ملیشیاؤں کی جانب سے مشرقی علاقے کی تیل تنصیبات پر مسلسل ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے تمام قانونی اور جائز اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔وزارتِ خارجہ نے ایک بار پھر عراقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردانہ یا جارحانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande