
راولپنڈی، 29 جولائی(ہ س)۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 32 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ معلومات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے جاری کی ہیں۔پاکستان کے اردو ٹیلی ویژن چینل دنیا نیوز نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئی ہدفی کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مار کر’فتنہ الخوارج‘ سے وابستہ 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔اسی طرح بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز موادبرآمد کرنے کا دعویٰ کیا، جنہیں بعد ازاں ناکارہ بنا دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ مہم کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan