علی گڑھ کے لال گُل ویر سنگھ کا کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارنامہ، 10 ہزار میٹر دوڑ میں جیتا چاندی کا تمغہ ، آبائی گاؤں میں خوشی کی لہر
علی گڑھ, 29 جولائی (ہ س)اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے اترولی علاقے کے گاؤں سرسا کے رہنے والے ہندوستانی ایتھلیٹ گُل ویر سنگھ نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے گلاسگو کے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں منعق
گلویر سنگھ


علی گڑھ, 29 جولائی (ہ س)اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے اترولی علاقے کے گاؤں سرسا کے رہنے والے ہندوستانی ایتھلیٹ گُل ویر سنگھ نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے گلاسگو کے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں منعقدہ مردوں کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیت کر ہندوستانی ایتھلیٹکس میں ایک نیا باب رقم کیا۔

گُل ویر سنگھ اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ ان کی اس تاریخی کامیابی سے نہ صرف ملک بلکہ ان کے آبائی گاؤں سرسا اور خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اہل خانہ اور گاؤں والوں نے مٹھائیاں تقسیم کرکے جشن منایا۔

25 لیپس پر مشتمل اس مشکل مقابلے میں گُل ویر سنگھ نے بہترین حکمت عملی اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ اسکاٹ لینڈ میں مسلسل بارش اور پھسلن بھرے ٹریک کے باوجود انہوں نے اپنی رفتار اور منصوبہ بندی برقرار رکھی۔ مقابلے میں آسٹریلیا کے کائی رابنسن نے 27 منٹ 48.93 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا، جبکہ گُل ویر سنگھ نے 27 منٹ 49.78 سیکنڈ کا وقت نکال کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان صرف 0.85 سیکنڈ کا فرق رہا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان کا 16 سالہ انتظار بھی ختم ہوگیا۔ اس سے قبل سال 2010 میں کویتا راؤت نے خواتین کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

کسان خاندان سے عالمی میدان تک کا سفر

گُل ویر سنگھ کی پیدائش 1998 میں علی گڑھ ضلع کے اترولی علاقے کے ایک کسان خاندان میں ہوئی۔ ان کا بچپن انتہائی سادہ حالات میں گزرا۔ سال 2018 میں وہ ہندوستانی فوج میں شامل ہوئے، جہاں انہیں بہتر تربیتی سہولیات حاصل ہوئیں اور ان کی صلاحیتوں کو نئی سمت ملی۔

بعد ازاں انہوں نے آرمی اسپورٹس انسٹی ٹیوٹ اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے قومی کیمپ میں تربیت حاصل کی۔ سال 2024 میں امریکہ کے کولوراڈو اسپرنگس میں شروع ہونے والی خصوصی تربیت نے ان کی کارکردگی کو مزید نکھارا۔

گُل ویر سنگھ نے 3000 میٹر، 5000 میٹر اور 10 ہزار میٹر دوڑ میں قومی ریکارڈ قائم کیے۔ سال 2025 کی ایشیائی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں انہوں نے 5000 میٹر اور 10 ہزار میٹر دونوں مقابلوں میں طلائی تمغے جیت کر اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔

علی گڑھ کے اس سپوت کی تاریخی کامیابی پر پورے ضلع میں فخر اور خوشی کا ماحول ہے، جبکہ گاؤں سرسا کے لوگ اسے علاقے کے لیے ایک بڑی اعزاز کی بات قرار دے رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande