
باڑمیر، 28 جولائی (ہ س)۔ راجستھان کے ضلع بالوترا کے پچپدرا تھانہ علاقے کے دُدوا گاؤں میں منگل کی علی الصبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون اپنے دو کمسن بچوں کو ساتھ لے کر گھر کے قریب واقع پانی کے ٹینک میں کود گئی۔ اس المناک واقعے میں خاتون اور دونوں بچوں کی موت ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور غوطہ خوروں کی مدد سے تینوں کی لاشیں ٹینک سے نکال کر بالوترا کے سرکاری نہٹا اسپتال کی مردہ خانے میں منتقل کر دیں۔ پولیس کے مطابق فی الحال خاتون کی خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
متوفیوں کی شناخت مولی دیوی (25)، ان کے دو سالہ بیٹے رویندر اور دو ماہ کے شیر خواربچے کی نارائن کے طور پر ہوئی ہے۔ پچپدرا تھانے کے سب انسپکٹر امرا رام نے بتایا کہ خاتون علی الصبح دونوں بچوں کو ساتھ لے کر گھر سے نکلی اور قریب ہی واقع پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگا دی۔
صبح جب اہل خانہ بیدار ہوئے تو خاتون اور دونوں بچے گھر میں موجود نہیں تھے۔ تلاش کے دوران ٹینک کے قریب خاتون کی چپلیں ملیں، جس کے بعد کسی حادثے کا شبہ ہوا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ بعد ازاں غوطہ خوروں نے ٹینک سے تینوں کی لاشیں نکال لیں۔پولیس کے مطابق مولی دیوی کی شادی تقریباً چار سال قبل ہنومان پرجاپتی سے ہوئی تھی۔ خاندان مزدوری کر کے گزر بسر کرتا تھا۔ دونوں کے دو بچے تھے، جن میں بڑا بیٹا رویندر دو سال جبکہ چھوٹا بیٹا نارائن صرف دو ماہ کا تھا۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع خاتون کے میکے والوں کو دے دی ہے۔ ان کے پہنچنے کے بعد بیانات اور شکایت کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan