
سرینگر، 28 جولائی (ہ س): ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے شمالی کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں اور دفاتر کو شفافیت اور شکایات کے ازالے کو تقویت دینے کے لیے شکایت درج کرنے کے لئے مناسب انتطامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر شمالی کشمیر کے دفتر کے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق تمام چیف ایجوکیشن افسران زونل ایجوکیشن افسران اداروں کے سربراہان اور دیگر ماتحت دفاتر بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں ایک اہم اور آسانی سے قابل رسائی جگہ پر شکایت باکس نصب کریں گے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شکایت باکس کو مناسب طریقے سے لیبل لگانا اور وقتاً فوقتاً دفتر/انسٹی ٹیوشن کے سربراہ یا کسی مجاز افسر کے ذریعے کھولنا چاہیے تاکہ موصول ہونے والی شکایات کا بروقت معائنہ کیا جا سکے۔ شکایات اور کارروائی کا ریکارڈ بھی رکھنا ہوگا۔
محکمہ نے تمام متعلقہ ذمہ داران کہا ہے کہ وہ حکم نامے کے جاری ہونے کی تاریخ سے سات دنوں کے اندر سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔ مقررہ مدت کے بعد، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپواڑہ کے چیف ایجوکیشن افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام دفاتر اور اسکولوں میں شکایات باکس کی تنصیب کے بارے میں ایک جامع تعمیل رپورٹ زیر دستخطوں کو پیش کریں۔ اس اقدام کا مقصد جوابدہی کو فروغ دینا اور طلباء، عملے اور عوام کو شمالی کشمیر میں اسکولی تعلیمی نظام میں شکایات کے اندراج کے لیے براہ راست طریقہ کار وضع کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir