
سال 2006 کی مقبول فلم’کھوسلہ کا گھوسلہ‘ کے سیکوئل ’کھوسلہ کا گھوسلہ 2‘ میں اداکارہ دیویہ کھوسلہ کی باضابطہ انٹری ہو گئی ہے۔ ٹی سیریز فلمز اور تانڈو فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں ایک بار پھر کھوسلہ خاندان کی دلچسپ اور مزاحیہ کہانی بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔ حالیہ برسوں میں ’ساوی‘ اور’ایک چتور نار‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے دادبٹورنے والی دیویہ کھوسلہ اب اس مقبول فلمی سلسلے کا حصہ بن کر شائقین کو محظوظ کرتی نظر آئیں گی۔
فلم کے پہلے حصے کے کئی معروف اداکار اپنی سابقہ کرداروں میں واپسی کر رہے ہیں، جن میں انوپم کھیر، بومن ایرانی، رنویر شوری، پروین ڈباس، تارا شرما اور کرن جنیجہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیویہ کھوسلہ کے ساتھ روی کشن، نشانت ورما، کنگن بروآ نانگیا اور دانش اقبال بھی نئی کاسٹ کے طور پر فلم میں شامل ہوئے ہیں۔ فلم سازوں کے مطابق نئے فنکار کہانی میں تازگی اور نیا رنگ بھرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
فلم کی پروڈیوسر سویتا راج ہیرےمٹھ نے کہا کہ دیویہ کھوسلہ اور روی کشن نے اپنی شاندار اداکاری سے پوری ٹیم کو متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فنکار مختلف نوعیت کی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ناظرین بھی ان کی پرفارمنس کو بھرپور پسند کریں گے۔ انہوں نے نئی ٹیم میں شامل تمام فنکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم فلم کی ریلیز کے لیے پُرجوش ہے اور شائقین کے ردِعمل کی منتظر ہے۔فلم سازوں کے مطابق ’کھوسلہ کا گھوسلہ 2‘ میں پہلے حصے کی طرح خاندان، رشتوں، مزاح اور دلچسپ واقعات کا بھرپور امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ فلم کے پروڈیوسرز بھوشن کمار، کرشن کمار، سویتا راج ہیرےمٹھ اور راج ہیرےمٹھ ہیں۔ تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan