
جموں سرینگر قومی شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند
جموں، 27 جولائی (ہ س)۔
ضلع ادھم پور کے دیوال علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث جموں۔سری نگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
حکام کے مطابق تودہ گرنے سے شاہراہ پر ملبہ جمع ہوگیا، جس کے بعد سڑک کی بحالی کے لیے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے عملہ اور مشینری متاثرہ مقام پر تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام نے مسافروں کو فی الحال قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ خراب موسمی حالات اور غیر مستحکم پہاڑی علاقے کے باعث مزید تودے گرنے اور پتھراؤ کا خدشہ ہے۔
ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شاہراہ کی صورتحال سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ مسافروں کو سفر شروع کرنے سے قبل جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے سرکاری ذرائع سے تازہ صورتحال معلوم کرنے یا جموں، رام بن اور سری نگر کے ٹریفک کنٹرول یونٹ سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے اسی وقت کھولا جائے گا جب اسے محفوظ قرار دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر