
جموں، 27 جولائی (ہ س)۔
پیر پنجال کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ہفتہ کی شدید بارش اورسیلابی صورتحال کے بعد موسم میں بہتری آنے سے عوام کو بڑی راحت ملی۔ کئی علاقوں میں دھوپ نکلنے کے بعد معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہونے لگے اور بحالی و امدادی کارروائیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ذرائع کے مطابق راجوری ضلع کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگواررہا، جبکہ چند مقامات پرہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل بارش کے باعث متاثر ہونے والی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بحال ہوئی، بازاروں میں بھی چہل پہل لوٹ آئی اور لوگ ضروری اشیاء کی خریداری اور دیگر کاموں کے لیے گھروں سے باہر نکلے۔
موسم صاف ہونے کے بعد مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی کاموں کو مزید تیز کر دیا گیا۔ادھرحالیہ سیلاب کے بعد راجوری اورپونچھ اضلاع میں لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے، تاہم اتوار کی شام تک ریسکیو ٹیموں کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق دونوں اضلاع میں مجموعی طور پر سات افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن میں پونچھ ضلع کے چھ افراد اور راجوری کا ایک ملازم شامل ہے۔ ریسکیو ایجنسیاں دریاؤں اور دیگر حساس مقامات پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی محفوظ واپسی کے منتظر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر