
پرچہ لیک مخالف قانون کی مخالفت نوجوانوں کو بھڑکانے کی کوشش، سنجے راؤت پر نو ناتھ بان کا الزامممبئی، 27 جولائی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مہاراشٹر کے ریاستی چیف ترجمان نو ناتھ بان نے پیر کو شیو سینا یو بی ٹی کے ترجمان سنجے راؤت پر الزام عائد کیا کہ وہ نوجوانوں کو بھڑکانے کے مقصد سے مرکزی حکومت کے پرچہ لیک مخالف قانون کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ممبئی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے نو ناتھ بان نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے جیسے سنگین واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانون بنانے کی پہل کی تو سنجے راؤت نے اس قانون کی ضرورت اور جواز پر سوالات اٹھائے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور نوجوانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرچہ لیک مخالف قانون کو نوجوان طبقے اور جنریشن زی کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی اور اس معاملے میں پورا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کھڑا ہے۔ نو ناتھ بان نے سنجے راؤت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو عوام کے دل کی بات جاننے والا قرار دیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مہاراشٹر کے عوام نے دیویندر فڑنویس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تین مرتبہ ریاست کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کی دعائیں اور حمایت دیویندر فڑنویس کے ساتھ ہیں، اس لیے سنجے راؤت کو دوسروں پر الزام تراشی کرنے کے بجائے خود احتسابی کرنی چاہیے۔ بی جے پی ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوتوا کے معاملے پر بار بار اپنا مؤقف تبدیل کرنے کی وجہ سے سنجے راؤت مختلف سیاسی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ مہاراشٹر اور ملک کے عوام اس طرز سیاست کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور مستقبل میں اس کا مناسب جواب بھی دیں گے۔ہندوستھان سماچار-------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے