
امپھال، 27 جولائی (ہ س)۔ منی پور پولیس اور سیکورٹی فورسز نے امپھال مشرقی ضلع میں ایک مشترکہ آپریشن میں ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے ،جس میں گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔ چورا چاند پور ضلع میں ایک الگ کارروائی میں ایک مشتبہ شخص کو 2.5 کلو گرام مشتبہ براون شوگر کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔
پولیس ہیڈ کوارٹر نے پیر کو ایک سرکاری بیان میں کہا کہ، تقریباً 6:15 بجے شام اتوار کو، 6 ویں انڈیا ریزرو بٹالین (آئی آر بی) اورا سپیشل کمانڈو یونٹ کی ٹیموں نے مسلح مجرموں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر، واکھاچنگ علاقے میں ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کی قیادت 6ویں آئی آر بی کے کمانڈنٹ اورا سپیشل کمانڈو یونٹ کے انچارج ڈاکٹرایس ایبومچاسنگھ (آئی پی ایس) نے کی۔
تلاشی کے دوران واکھا پہاڑی پر شیلوئی لنگمائی کمپوزٹ فارم کے سامنے جنگل سے چار مشکوک پلاسٹک کے تھیلے برآمد ہوئے،جس میں مجموعی طور پر 29 ہتھیار برآمد کیے گئے ۔ان میں پانچ ایس ایل آر رائفلیں، چار انساس رائفلیں، دو اے کے گھاتک رائفلیں، ایک انساس ایل ایم جی، چھ .303 رائفلیں، تین ڈبل بیرل بندوقیں، سات سنگل بیرل بندوقیں اور ایک پمپ ایکشن گن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایک لاتھوڈ بم، ایک .303 رائفل کے 530 زندہ کارتوس، 7.62 ایس ایل آر کے 64 کارتوس، ایک انساس رائفل کے 19 کارتوس، 5.56 کاربائن کے چھ کارتوس، 40 ڈرل کارتوس اور 17.330 عدد چارجر برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایک اور کارروائی میں منی پور پولیس نے لیٹمنٹ گینگ ہولائی (33) کو چورا چند پور ضلع کے توئبونگ علاقے سے گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 2.5 کلو گرام مشتبہ براون شوگر اور ایک ٹو وہیلر برآمد کیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی