
دہلی میٹرو کے تین اسٹیشن مسافروں کے لیے کھلے
نئی دہلی، 25 جولائی (ہ س)۔ سیکورٹی وجوہات اور مظاہروں کے باعث بند کیے گئے دہلی میٹرو کے اہم اسٹیشنوں میں سے راجیو چوک، منڈی ہاوس اور سینٹرل سکریٹریٹ کے گیٹ ہفتہ کو دوپہر بعد 3.44 بجے مسافروں کے لیے کھول دیے گئے۔ تاہم وسطی دہلی کے دیگر اسٹیشن ابھی بھی بند یا محدود رکھے گئے ہیں۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (ڈی ایم آر سی) نے ایکس پوسٹ پر بتایا کہ آج سہ پہر 3.44 بجے راجیو چوک، منڈی ہاوس اور سینٹرل سکریٹریٹ میٹرو اسٹیشنوں کے انٹری گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی ان تینوں اہم انٹرچینج اسٹیشنوں پر مسافروں کا داخلہ معمول کے مطابق شروع ہو گیا ہے۔ ان اسٹیشنوں کے انٹری گیٹ بند ہونے کے باعث مسافروں کو متبادل اسٹیشنوں یا دوسرے انٹری گیٹس کا استعمال کرنا پڑ رہا تھا۔ اب انٹری بحال ہونے سے روزانہ سفر کرنے والوں، دفتر آنے جانے والوں اور دیگر مسافروں کو کافی راحت ملے گی نیز ہجوم کو سنبھالنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی احتجاج کرنے والے طلبہ آسانی سے اپنے گھر لوٹ سکیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن