
ہرارے، 25 جولائی (ہ س)۔
کپتان شریس ایئر کی قیادت میں بھارت نے دوسرے ٹی-20 بین الاقوامی میچ میں زمبابوے کو 90 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے بعد اپنی پہلی ٹی-20 بین الاقوامی سیریز بھی جیت لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ ابھیشیک شرما 8 رن اور نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی 20 رنز بنا کر جلد آو¿ٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ایشان کشن اور کپتان شریس ایئر نے تیسرے وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا۔ شریس ایئر 25 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد ایشان کشن اور تلک ورما نے چوتھے وکٹ کے لیے 94 رنوں کی شاندار شراکت قائم کرکے بھارت کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
ایشان کشن نے 44 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ تلک ورما 60 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارت 219 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔
220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔ برائن بینیٹ نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جبکہ تادیواناشے مرومانی نے 24 رنز کا اضافہ کیا، تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی شراکت قائم نہ کرسکا۔
بھارتی گیند بازوں نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ابھیشیک شرما نے 3 وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کی اننگز سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پرنس یادو اور یش ٹھاکر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ یش ٹھاکر نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ لیتے ہوئے برائن بینیٹ کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ پرنس یادو نے بین کرن اور کپتان سکندر رضا کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی مسلسل دوسری کامیابی کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ اب آخری میچ محض رسمی حیثیت رکھتا ہے جبکہ بھارتی ٹیم کلین سوئپ کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ