
ریاسی پولیس نے موبائل چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا
جموں، 24 جولائی (ہ س)۔ ریاسی پولیس نے شری ماتا ویشنو دیوی یاترا پر آنے والے عقیدت مندوں کو نشانہ بنانے والے موبائل چوروں کے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 22 مسروقہ موبائل فون اور ایک ٹوٹا ہوا منگل سوتر برآمد کر لیا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 6 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب لدھیانہ کی رہائشی سپنا رانی نے 13 جولائی کو پولیس اسٹیشن کٹرا میں شکایت درج کرائی کہ درشنی گیٹ کے قریب ان کا آئی فون 17 پرو اور سام سنگ گلیکسی اے 23 چوری ہو گیا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران 19 جولائی کو کیول کمار نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھی کرامت علی اور اجے سنگھ کے ساتھ مل کر یاتریوں کے موبائل فون چوری کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں ساتھی پہلے ہی ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار ہو کر سب جیل ریاسی میں بند ہیں۔پولیس نے بتایا کہ کیول کمار نے انکشاف کیا کہ وہ چوری شدہ موبائل فون فروخت کرکے نشہ آور اشیا خریدتا تھا۔ اس کی نشاندہی پر اس کے گھر سے 17 مسروقہ موبائل فون اور ایک ٹوٹا ہوا منگل سوتر برآمد کیا گیا۔ بعد ازاں 22 جولائی کو ونئے کمار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مزید پانچ مسروقہ موبائل فون برآمد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 22 موبائل فون اور ایک منگل سوتر برآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں بھی متوقع ہیں۔ریاسی پولیس نے ان تمام یاتریوں سے اپیل کی ہے جن کے موبائل فون یا دیگر قیمتی سامان کٹرا میں چوری ہوئے ہیں، وہ ملکیت کے ثبوت کے ساتھ پولیس اسٹیشن کٹرا سے رابطہ کریں تاکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کا سامان واپس کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر