
بھونیشور، 22 جولائی (ہ س)۔ بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے صدر اور اڈیشہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نوین پٹنائک نے بدھ کو نیٹ-یو جی امتحان سے متعلق تنازعہ پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ دہرایا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ بی جے ڈی مبینہ امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے طلبہ کی حمایت میں پورے اوڈیشہ میں اپنی تحریک مزید تیز کرے گی۔
نئی دہلی سے بھونیشور واپس پہنچنے کے بعد بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پٹنائک نے کہا کہ امتحان سے متعلق تنازع نے پورے ملک کو جھنجھوڑ دیا ہے اور اس معاملے میں جواب دہی طے کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا، ملک بھر میں نوجوان طلبہ اور یونیورسٹی امتحانات سے متعلق واقعات کو لے کر تحریک چل رہی ہے، جس نے پورے ملک کو حیران کر دیا ہے۔ بی جے ڈی بھی اوڈیشہ میں اس معاملے پر تحریک چلائے گی۔
دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ دہراتے ہوئے نوین پٹنائک نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں لوگ مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بیرون ملک بھارتی سفارت خانوں کے باہر بھی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ملک بھر میں لوگ ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صرف بھارت ہی نہیں، بیرون ملک بھارتی سفارت خانوں کے باہر بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ یونیورسٹی امتحانات کے حوالے سے جو کچھ ہوا ہے، اس کے بعد میرا ماننا ہے کہ انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
نوین پٹنائک نے مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ طلبہ اور اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ غیر ضروری طاقت کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا، نوجوان طلبہ کے خلاف ہونے والی غیر ضروری پولیس کارروائی سے ہر کوئی حیران ہے۔ کل ہم نے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف اور کئی سینئر رہنماؤں کے ساتھ بھی پولیس کے سخت رویے کو دیکھا۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے ڈی اس معاملے کو اڈیشہ میں مسلسل اٹھاتی رہے گی اور امتحانی تنازع کے خلاف تحریک چلانے والے طلبہ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ نیٹ-یو جی امتحان تنازع کو لے کر ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں مرکزی حکومت پر مسابقتی امتحانات میں شفافیت اور اعتبار برقرار رکھنے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی وزارت تعلیم سے جواب دہی طے کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد